مہاراشٹر اسمبلی انتخاب: عآپ لیڈر سنجے سنگھ نے بی جے پی کو ’بھارتیہ جیب کترا پارٹی‘ قرار دیا
سنجے سنگھ نے کہا ’’یہ بھارتیہ جیب کترا پارٹی ہے۔ یہاں مراٹھی لوگوں میں غصہ ہے کہ ادھو ٹھاکرے جی کی پارٹی توڑی گئی۔ شرد پوار کی پارٹی بھی توڑی گئی۔ ان کے انتخابی نشانات تک چوری کیے گئے۔‘‘
مہاراشٹر میں اسمبلی انتخاب کے لئے تشہیری مہم جنگی پیمانے پر جاری ہے۔ اسی درمیان ایک انتخابی جلسے سے عام آدمی پارٹی کے لیڈر سنجے سنگھ نے بی جے پی پر جم کر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے افسوس ہے کہ ملک کے وزیر اعظم گزشتہ 10 سالوں سے کہہ رہے ہیں، اگر آپ متحد رہیں گے تو محفوظ رہیں گے۔‘‘ سنجے سنگھ نے یہ بیان مہاوکاس اگھاڑی کے امیدوار کی حمایت میں منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔
اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے بی جے پی پر طنز کستے ہوئے کہا کہ ’’یہ بھارتیہ جیب کترا پارٹی ہے۔ یہاں مراٹھی لوگوں میں غصہ ہے کہ ادھو ٹھاکرے جی کی پارٹی توڑی گئی، ان کے تیر کمان کی چوری کی گئی۔ ان کے اراکین اسمبلی کو چرا لیا گیا۔ شرد پوار کی پارٹی بھی توڑی گئی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’مہاراشٹر کی عوام کے ساتھ وزیر اعظم سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہے ہیں۔ تقریباً 2 لاکھ کروڑ روپے کا پروجیکٹ مہاراشٹر سے اٹھا کر گجرات لے کر چلے گئے۔ آج مہاراشٹر میں بے روزگاری نمبر 1 پر ہے، آج کسانوں کی خود کشی کے معاملے میں بھی ریاست ایک نمبر پر ہے۔ آپ نے ہی ریاست میں یہ حالت پیدا کی ہے۔ آج چھترپتی شیواجی مہاراج کی مورتی بنانے میں بھی لوگ بدعنوانی کر رہے ہیں۔‘‘
سنجے سنگھ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہندوستان کے وزیر اعظم 10 سال اقتدار میں رہنے کے بعد کہہ رہے ہیں کہ اگر آپ متحد رہیں گے تو محفوظ رہیں گے۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ ہندوؤں کو بزدل سمجھتے ہیں اور خود کو بھی بزدل سمجھتے ہیں۔ اگر آپ ملک کے لوگوں کو تحفظ فراہم نہیں کرا سکتے تو آپ کو فوری طور پر استعفیٰ دے دینا چاہئے۔ آپ کو اس عہدہ پر بنے رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔‘‘ سنجے سنگھ نے مہاراشٹر کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر آپ بنٹے نہیں اور بی جے پی کو نہیں ہرایا تو آپ کی جیب کٹ جائے گی۔ لوگوں کو 110 روپے کا پٹرول ملا اور 100 روپے کا ڈیزل ملا، 250 روپے کا سرسوں تیل ملا اور 300 روپے کا ٹماٹر ملا۔ یہ سب ہم نے کب دیکھا، بی جے پی کی حکومت میں ہی دیکھا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔