سی بی آئی پر 103 کلو گرام سونا غائب کرنے کا الزام، عدالت نے دیا جانچ کا حکم
مدراس ہائی کورٹ نے سی بی سی آئی ڈی کو سرانا کارپوریشن لمیٹڈ سے سی بی آئی کے ذریعہ ضبط کردہ 400.47 کلو گرام سونے میں سے غائب ہوئے 103.864 کلو گرام سونے کی جانچ کا حکم دیا ہے۔
مرکزی تحقیقات ایجنسی یعنی سی بی آئی پر 103 کلو گرام سونا غائب کرنے کا سنگین الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس تعلق سے مدراس ہائی کورٹ نے کرائم برانچ کرائم انوسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی بی سی آئی ڈی) کو جانچ کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے سی بی سی آئی ڈی کو ہدایت دی ہے کہ وہ سرانا کارپوریشن لمیٹڈ سے سی بی آئی کے ذریعہ ضبط کردہ 400.47 کلو گرام سونے میں سے غائب ہوئے 103.864 کلو گرام سونے کی جانچ کرے۔ 103.864 کلو گرام سونا اس وقت غائب ہوا تھا جب اسے سرانا کارپوریشن کے لیکوئڈیٹر کے حوالے کیا گیا تھا۔
سی بی آئی نے عدالت کو بتایا کہ جب کئی سال قبل اسے ضبط کیا گیا تھا تو اس دوران اسے اکٹھا تولا گیا تھا اور جب لیکوئڈیٹر کو یہ سونپا گیا تو ہر ایک چیز کا وزن الگ الگ سے ناپا گیا۔ اس وجہ سے فرق ہے۔ سی بی آئی کے مطابق ضبط کیے گئے سونے کو سرانا کارپوریشن کے والٹ میں رکھا گیا تھا اور اس کی چابی ایک خصوصی عدالت کے سپرد کی گئی تھی۔
سی بی سی آئی ڈی کی جانچ کے خلاف سی بی آئی نے یہ کہتے ہوئے اعتراض ظاہر کیا تھا کہ اس سے ادارہ کے وقار کو نقصان پہنچے گا، لیکن ہائی کورٹ نے ان کے اس اعتراض کو خارج کر دیا اور یہ کہتے ہوئے جانچ کا حکم دیا کہ سبھی پولس اہلکاروں پر بھروسہ کیا جائے گا۔ عدالت نے لیکوئڈیٹر سی. راما سبرامنیم کو سی بی سی آئی ڈی کے ساتھ شکایت درج کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔