مدھیہ پردیش: مُرینا کے ایک گھر میں زوردار دھماکہ، پٹاخہ بنانے کا ہوتا تھا کام، دو افراد کی موت

اسلام پور کے باشندہ گجراج راٹھوڑ کے مکان میں آج دوپہر دھماکہ ہوا جس سے ان کا مکان ملبے میں تبدیل ہو گیا، ساتھ ہی ان کے مکان کے آس پاس کے کچھ مکانوں کو بھی اس حادثے سے کافی نقصان پہنچا ہے۔

دھماکہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
دھماکہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش کے مُرینا شہر واقع اسلام پور علاقہ میں ایک مکان میں زوردار دھماکہ ہوا ہے۔ اس دھماکہ کی وجہ سے مکان مکمل طور پر منہدم ہو گیا۔ اس دھماکہ میں آس پاس کے دیگر تین مکانات کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔ اس حادثہ میں کچھ لوگ ملبہ کے نیچے دب گئے ہیں اور موصولہ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ ایک خاتوں اور بچہ کی موت بھی واقع ہو گئی ہے۔ پولیس اور رفاہی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ کر راحت و بچاؤ کاری مہم میں مصروف ہو گئی ہیں۔

دھماکہ کی اصل وجہ کا پتہ فی الحال نہیں چل پایا ہے۔ محلہ کے کچھ لوگوں نے بتایا کہ سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے یہ اندوہناک حادثہ پیش آیا ہے۔ کچھ لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ مکان کے اندر غیر قانونی طور پٹاخے بنائے جا رہے تھے اور اسے اسٹور بھی کیا جارہا تھا۔ اس میں آگ لگنے کی وجہ سے اتنا بڑا دھماکہ ہوا ہے۔ ملی جانکاری کے مطابق اسلام پور میں رہنے والے گجراج راٹھوڑ کے مکان میں ہفتہ کی دوپہر یہ دھماکہ ہوا جس سے ان کا مکان ملبہ میں تبدیل ہو گیا۔


دھماکہ کے بعد مکان کے ملبہ میں کچھ لوگ دب گئے۔ اس ملبہ سے ایک بچہ اور ایک خاتون کو نکالا گیا، لیکن دونوں کی ہی موت ہو چکی تھی۔ ملبہ کو ہٹانے اور اس میں پھنسے ممکنہ لوگوں کو نکالنے کی کوشش جاری ہے۔ پولیس اور میونسپل کارپوریشن کی ٹیم پوری کوشش کر رہی ہے کہ جلد از جلد راحت و بچاؤ کا کام ختم کیا جائے۔ انتظامیہ نے ایس ڈی آر ایف کی ٹیم کو بھی بلا لیا ہے۔ احتیاطاً لوگوں کو علاقہ سے باہر نکالا گیا ہے تاکہ کسی طرح کی رکاوٹ نہ ہو۔ اس حادثہ کی جانچ بھی شروع کر دی گئی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ اتنا تیز تھا کہ پورا محلہ دہل گیا۔ اس دھماکے کی شدت کی وجہ سے ایسا محسوس ہوا جیسے زلزلہ آ گیا ہو۔ کئی ایک مکانوں میں دھماکے کی وجہ سے شگاف بھی پیدا ہو گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔