مدھیہ پردیش: 2.5 سال کی بچی بورویل میں گری، 15 فیٹ گہرے گڈھے میں اٹکی جان، بچانے کی کوشش جاری
پتھریا تھانہ حلقہ کے کجری برکھیڑا گاؤں میں منگل کے روز ڈھائی سال کی اسمیتا کھیلتے ہوئے آنگن میں کھلے پڑے بورویل کے گڈھے میں جا گری، یہ گڈھا تقریباً 15 فیٹ گہرا ہے۔
مدھیہ پردیش کے ودیشا ضلع میں کھلے پڑے بورویل کے گڈھے میں ایک ڈھائی سال کی بچی گر گئی ہے۔ بچی کو بہ حفاظت نکالنے کے لیے راحت اور بچاؤکاری کی مہم شروع ہو گئی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ودیشا ضلع کے پتھریا تھانہ حلقہ کے کجری برکھیڑا گاؤں میں منگل کے روز ڈھائی سال کی اسمیتا کھیلتے ہوئے آنگن میں کھلے پڑے بورویل کے گڈھے میں جا گری اور وہ تقریباً 15 فیٹ گہرے اس گڈھے میں پھنسی ہوئی ہے۔
اس حادثہ کی جانکاری ملتے ہی انتظامیہ اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور جے سی بی مشین کی مدد سے کھدائی کا کام شروع کر دیا۔ رسی کے سہارے بھی بچی کو باہر نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ جس گڈھے میں اسمیتا گری ہے، وہاں پر اس کے والد بے چینی کے عالم میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ وہ لگاتار اس کوشش میں لگے ہوئے ہیں کہ جب تک بیٹی گڈھے سے باہر نہیں نکلتی، اسے کوئی پریشانی نہ ہو۔ وہ کپڑے کے گمچھے سے ہوا بیٹی تک پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
جائے حادثہ کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کانگریس کے سابق ریاستی صدر ارون یادو نے لکھا ہے کہ ’’آخر کب ایسے حادثات رکیں گے۔‘‘ بچی کی سلامتی کے لیے انھوں نے دعا کی ہے اور ساتھ ہی کہا ہے کہ ودیشا ضلع کی سیرونج تحصیل کے کجری برکھیڑا گاؤں میں اسمیتا بورویل کے گڈھے میں گر گئی ہے۔ ہم سب مل کر اس کی سلامتی کے لیے دعا کریں۔ مقامی انتظامیہ سے گزارش ہے کہ بچی کو بحفاظت نکالے جانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔ سوال اٹھ رہا ہے کہ آخر کب رکیں گے اس طرح کے واقعات؟‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔