مدھیہ پردیش: سڑک حادثہ میں ہلاک افراد کی لاشیں کچرا گاڑی میں رکھی گئیں، وزیر اعلیٰ شیوراج نشانے پر
کانگریس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ویڈیو ٹوئٹ کیا ہے جس میں ایک افسوسناک نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ویڈیو میں دکھائی دے رہا ہے کہ کچھ لوگ لاشوں کو ایک کچرا گاڑی (ٹرالی) میں رکھ رہے ہیں۔
مدھیہ پردیش کے ضلع ریوا اور سیدھی کے درمیان گزشتہ شب ہوئے دردناک حادثہ کے بعد کی ایک ایسی تصویر سامنے آ رہی ہے جس سے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ لوگوں کے نشانے پر آ گئے ہیں۔ دراصل مدھیہ پردیش کانگریس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ویڈیو ٹوئٹ کیا ہے جس میں ایک افسوسناک نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ویڈیو میں دکھائی دے رہا ہے کہ کچھ لوگ لاشوں کو ایک کچرا گاڑی (ٹرالی) میں رکھ رہے ہیں۔
اس ویڈیو کے ساتھ کانگریس نے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس نے شیوراج سنگھ پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سیدھی ضلع میں ہوئے سڑک حادثہ کے بعد ہلاک قبائلیوں کی لاش کو کچرا گاڑی میں بھرا گیا۔ ایک دیگر ٹوئٹ میں میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’امت شاہ کی ریلی میں جان گنوانے والے قبائلیوں کی آخری رسومات کے لیے وزیر اعلیٰ شیوراج کی حکومت لکڑیوں کا انتظام نہیں کر پا رہی ہے۔ شیوراج جی، قبائلیوں سے اتنی نفرت کیوں؟ قبائلیوں پر بھرپور وار، یہی تو ہے شیوراج سرکار۔‘‘
واضح رہے کہ مدھیہ پردیش کے ستنا میں منعقد کول مہاکمبھ میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی تقریب سے تین بسیں سیدھی ضلع لوٹ رہی تھیں۔ راستے میں بسیں ریوا-ستنا سرحد پر سڑک کے کنارے کھڑی تھیں تبھی ایک تیز رفتار ٹرک نے بس میں ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی زوردار تھی کہ آگے والی بس گڈھے میں جا گری۔ کئی لوگ اس حادثہ میں بس کے نیچے آ گئے تھے۔ ریسکیو کیے گئے 33 لوگوں کو ریوا کے سنجے گاندھی اسپتال بھیجا گیا تھا جہاں علاج کے دوران 4 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ اس حادثہ میں مجموعی طور پر ابھی تک 12 افراد کی موت ہو چکی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔