مدھیہ پردیش بی جے پی میں ہنگامہ: والدہ کی تصویر نہ ہونے پر بھڑکیں یشودھرا راجے

مدھیہ پردیش میں بی جے پی کے لئے سب کچھ ٹھیک نہیں ہے، ریاست کی وزیر یشودھرا راجے اس بات پر ایک میٹنگ سے ناراض ہو کر چلی گئیں کہ وہاں سب کی تصاویر ہیں لیکن ان کی والدہ کی تصویر نہیں ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش کی سینئر وزیر اور راج ماتا وجے راجے سندھیا کی بیٹی یشودھرا راجے سندھیا بی جے پی کی ایک میٹنگ میں اس وقت ناراض ہو گئیں جب انہوں نے دیکھا کہ ان کی والدہ کی تصویر وہاں نہیں ہے۔وہ میٹنگ چھوڑ کر چلی گئیں اور جانے سے پہلے انہوں اس میٹنگ کے منتظمین کو خوب کھری کھوٹی سنائی، تقریب گاہ میں موجود سینئر رہنماؤں نے ان کو منانے کی کوشش کی لیکن وہ کسی طرح نہیں مانیں۔

اس واقعہ سے ایک روز قبل مدھیہ پردیش بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی لکشمن تیواری نے بی جے پی پر بدعنوانی کے الزامات لگاتے ہوئے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا اور اب یشودھرا کی ناراضگی بی جے پی کے لئے اچھی خبر نہیں ہے۔ دراصل بھوپال میں 25 ستمبر کو ہونے والے پارٹی ارکان کے مہاکمبھ کو لے کر جمعہ کو بیراگڑھ میں بی جے پی کی ایک اہم میٹنگ بلائی گئی تھی ۔ اس میٹنگ میں پنڈت دین دیال اپادھیائے ، شیاما پرساد مکھرجی، اٹل بہاری واجپئی اور کشابھاؤ ٹھاکرے کی تصاویر لگائی گئی تھیں ، لیکن راج ماتا وجے راجے سندھیا کی کوئی تصویر نہیں لگائی گئی اور جب یشودھرا راجے نے یہ دیکھا تو ناراض ہو گئیں۔

اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے یشودھرا نے کہا ’’ میری والدہ نے پارٹی کے لئے اپنا سب کچھ نچھاور کیا، یہ میں ایک بیٹی کے ناطے نہیں کہہ رہی بلکہ یہ سب کو سوچنا چاہئے کہ انہوں نے اس پارٹی کو کھڑا کیا اور اب ان کی تصویر تک نہیں لگائی جا رہی ‘‘۔ یہ کہہ کر یشودھرا راجے میٹنگ سے اٹھ کر چلی گئیں۔

ذرائع کے مطابق پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے انہیں فون کر کے منانے کی بہت کوشش کی لیکن وہ نہیں مانیں۔ واضح رہے ان کی ناراضگی کے بعد راج ماتا کی تصویرتقریب گاہ میں لگائی گئی ۔ ریاست کے وزیر داخلہ نے کہا کہ تصویر نہ لگائے جانے کا یہ مطلب نہیں کہ ان کے احترام میں کوئی کمی ہے ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔