مدھیہ پردیش: شیوراج چوہان نے 3 وزرا کو کابینہ میں شامل کیا
مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخابات سے عین قبل وزیر اعلیٰ شیوراج چوہان نے 3 وزرا کو شامل کرتے ہوئے کابینہ کی توسیع کی
بھوپال: مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخابات سے عین قبل آج وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے تین وزراء کو شامل کرتے ہوئے کابینہ کی توسیع کی، جس میں گوری شنکر بسن اور راجندر شکلا کابینی وزیر اور راہل سنگھ لودھی بطور وزیر مملکت بنائے گئے ہیں۔
گورنر منگو بھائی پٹیل نے راج بھون میں منعقدہ ایک مختصر اور باوقار تقریب میں تینوں نو تعینات وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ چوہان کے علاوہ کئی عوامی نمائندے، چیف سکریٹری اقبال سنگھ بینس اور سینئر افسران موجود تھے۔
اسمبلی انتخابات سے عین قبل علاقائی، ذات پات اور سیاسی توازن کے مقصد سے نئے وزراء کو حلف دلایا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ کے علاوہ اب کابینہ میں وزراء کی تعداد 33 ہو گئی ہے۔ اس میں 25 کابینی وزیر اور آٹھ وزرائے مملکت شامل ہیں۔ 230 رکنی ریاستی اسمبلی میں مقررہ معیار کے مطابق وزیر اعلیٰ سمیت زیادہ سے زیادہ 35 وزراء ہو سکتے ہیں۔ اس طرح اب بھی ایک جگہ خالی ہے۔
وندھیا سے تعلق رکھنے والے راجندر شکلا ریوا اسمبلی سیٹ کی نمائندگی کرتے ہیں اور اس سے پہلے وزیر رہ چکے ہیں۔ مہا کوشل زون سے آنے والے تقریباً 70 سالہ گوری شنکر بسین، بالاگھاٹ اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں اور وہ پہلے بھی وزیر رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ راہل لودھی، جو سابق وزیر اعلیٰ اوما بھارتی کے قریبی رشتہ دار ہیں، بندیل کھنڈ کی کھڑگاپور اسمبلی سیٹ سے ایم ایل اے ہیں اور سال 2018 میں پہلی بار ایم ایل اے بنے ہیں۔
انہیں ریاستی وزیر بنا کر دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) برادری کو راغب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ریاست میں آنے والے نومبر-دسمبر مہینے میں اسمبلی انتخابات کی تجویز ہے۔ تاہم ابھی تک انتخابی پروگرام طے نہیں ہوا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔