مدھیہ پردیش: مہاکال مندر میں بالی ووڈ گانوں پر خواتین کے رقص کی ویڈیو پر ہنگامہ، جانچ کا حکم

ریاست کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے جانچ کا حکم صادر کر دیا ہے، مشرا نے کہا کہ ’’میں نے کلکٹر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کو معاملے کی جانچ کرنے کی ہدایت دی ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش کے اجین واقع مہاکالیشور مندر میں دو خواتین کے بالی ووڈ گانوں پر رقص کرتے ہوئے وائرل ویڈیو نے تنازعہ کھڑا کر دیا ہے، جس کے بعد ریاست کے وزیر داخلہ نے معاملے کی جانچ کا حکم دے دیا ہے۔ خواتین دو دن قبل مہاکالیشور مندر میں پوجا کرنے گئی تھیں۔ انھوں نے بالی ووڈ گانوں پر رقص کرتے ہوئے ویڈیو شوٹ کیا اور سوشل میڈیا پر اَپلوڈ کر دیا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مندر انتظامیہ نے خواتین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مندر کے گربھ گرہ اور مندر کے دیگر مقامات کے اندر ویڈیو شوٹ کیے جانے سے مندر کے پجاری کافی ناراض ہیں۔ ویڈیو بالی ووڈ اور بھکتی دونوں گانوں پر شوٹ کیا گیا۔ ایک خاتون نے مہاکال مندر کے گربھ گرہ میں ’جلابھشیک‘ کرتے ہوئے ویڈیو شوٹ کیا، جب کہ ایک دیگر نے مندر احاطہ میں گھومتے ہوئے اسے شوٹ کیا۔


مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے اس معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے جانچ کا حکم صادر کر دیا ہے۔ مشرا نے کہا کہ ’’میں نے کلکٹر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کو معاملے کی جانچ کا حکم دیا ہے۔ کسی بھی طرح سے مذہبی عقیدہ کے ساتھ کھلواڑ برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں مندر کی پاکیزگی کو ٹھیس پہنچاتی ہیں اور لوگوں کو ایسا کرنے سے بچنا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔