مدھیہ پردیش: پولیس نے مغوی طالب علم کو چھڑایا، ملزم گرفتار
پولیس نے موبائل فون کی لوکیشن کی بنیاد پر طالب علم کو اغوا کاروں کے چنگل سے آزاد کرایا اور ایک نابالغ ملزم کو بھی گرفتار کرلیا۔
ریوا: اتر پردیش کے ضلع پریاگ راج کے ایک مغوی طالب علم کو مدھیہ پردیش کے سوہاگی تھانہ حلقے سے پولیس نے اغوا کاروں کے چنگل سے آزاد کرایا اور ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، جبکہ دوسرا مفرور ہے، جسے پولیس ڈھونڈ رہی ہے۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) شیوکمار ورما نے آج بتایا کہ دسویں جماعت کے مغوی طالب علم مدھیہ پردیش کی سرحد سے متصل اتر پردیش کے ضلع پریاگ راج کا رہائشی ہے۔ حسب معمول وہ کل دریا پار کرکے سوہاگی تھانہ حلقے میں واقع ایک اسکول میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے جا رہا تھا۔ اس دوران اس کی اسکول بس چھوٹ گئی اور اس نے موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوانوں سے مدد لی، تاہم ان نوجوانوں نے طالب علم کا اغوا کر لیا۔
بعد ازاں اغوا کاروں نے طالب علم کے اہل خانہ کو تاوان کے لیے فون کیا۔ اس پر خاندان نے ڈائل 100 پر کال لگا دیا۔ واقعہ کے بارے میں معلومات کے فوراً بعد پولیس حرکت میں آگئی اور موبائل فون کی لوکیشن کی بنیاد پر طالب علم کو اغوا کاروں کے چنگل سے آزاد کرایا اور ایک نابالغ ملزم کو بھی گرفتار کرلیا۔ دوسرا ملزم ابھی تک مفرور ہے جسے پولیس ڈھونڈ رہی ہے۔ مغوی طالب علم اور اغوا کار ایک ہی گاؤں کے باشندے بتائے گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔