مدھیہ پردیش: بجرنگ دل کے رہنما کے بھائی نے کیا جڑواں بچوں کا اغوا و قتل

آئی جی چنچل شیکھر نے بتایا کہ قتل کے ملزمان نے جڑواں بچوں کے اغوا میں موٹر سائیکل اور کار کا استعمال کیا تھا، موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ پر رام راجیہ لکھا ہوا ہے اور کار پر بی جے پی کا جھنڈا لگا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش کے چترکوٹ سے 12 فروری کو اغوا کیے گئے جڑواں بچوں کا اترپردیش کے باندہ میں جمنا ندی کے پاس سے لاش برآمد ہوئیں ہیں، لاشیں برآمد کیے جانے کے بعد پریس سے بات کرتے ہوئے ریوا زون کے آئی جی نے ایک بڑا انکشاف کیا ہے، میڈیا سے بات کرتے ہوئے آئی جی چنچل شیکھر نے کہا، ’’بچوں کے اغوا اور قتل کے اہم ملزم پدم شکلا سمیت 6 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، پدم شکلا بجرنگ دل کے کنوینر وشنوکانت شکلا کا بھائی ہے، حالانکہ اب تک کی تفتیش میں وشنو کانت شکلا کے ملوث ہونے کی کوئی اطلاع نہیں آئی‘‘۔

ریوا زون کے آئی جی چنچل شیکھر نے بتایا کہ قتل کے ملزمان نے جڑواں بچوں کے اغوا میں موٹر سائیکل اور کار کا استعمال کیا تھا، موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ پر رام راجیہ لکھا ہوا ہے اور کار پر بی جے پی کا جھنڈا لگا ہے۔

آئی جی چنچل شیکھر نے بتایا کہ ’’ملزمان نے ایک بار انٹرنیٹ کالنگ کے ذریعے بچوں کی ان کے والد سے بات کروائی تھی، اغوا کے 2 دن بعد اغوا کاروں نے بچوں کے والد کو فون کیا اور ان سے 2 کروڑ روپے کے تاوان کی مانگ کی تھی، 19 فروری کو بچوں کے اہل خانہ نے اغوا کاروں کو 20 لاکھ روپے دے دیئے تھے پھر بھی انہوں نے 21 فروری کو بچوں کا قتل کر دیا۔‘‘

وہیں مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ نے ضلع ستنا کے چترکوٹ سے دو معصوم بچوں کے اغوا اور قتل کی واردات پر آج شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزموں کو ہر حال میں سخت سزا ملے گی۔

کمل ناتھ نے ٹوئٹ کیا کہ انہوں نے خود ہی بچوں کے والد برجیش راوت سے فون پر بات کر کے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ساتھ ہی بھروسہ دلایا کہ بچوں کا قتل کرنے والے ملزموں کو ہرحال میں سخت سزا ملے گی۔

مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ بالا بچن نے ضلع ستنا کے چترکوٹ سے مغوی بچوں کی لاشیں آج برآمد ہونے پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو نہ بچا پانے کا افسوس انھیں ہے۔

بالا بچن نے ضلع بڑوانی کے راج پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس معاملے میں پولس نے بچوں کو بچانے کی پوری کوشش کی لیکن کامیابی ہاتھ نہیں آئی۔ انھیں خود بھی اس کا بے حد افسوس ہے۔ انہوں نے واردات کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اترپردیش سے متصل علاقے میں یہ واردات ہوئی ہے اور تمام ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع ستنا کی پولس نے اس معاملے میں چھ ملزموں کو گرفتار کیا ہے اور جو ابتدا میں معلومات موصول ہوئیں ان کے مطابق بچوں کو ٹیوشن پڑھانے والے تمام ملزموں میں شامل ہے۔ اس تعلق سے وہاں پولس میڈیا کو تفصیلی معلومات فراہم کروا رہی ہے۔

بالا بچن نے کہا کہ لاء اینڈ آرڈر کے معاملے میں سختی لانے کے مقصد سے کام چل رہا ہے۔ اس تعلق سے پولس کے سربراہ سے بھی گفتگو کی جائے گی۔ ایک دوسرے سوال کے جواب میں انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال سابقہ حکومت سے بہتر ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔