مدھیہ پردیش: ’ووٹر لسٹ میں گڑبڑی پائی گئی تو بی ایل او پر ہوگی کارروائی‘
مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخابات سے پہلے ووٹر لسٹوں میں بے ضابطگیوں کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے اسے سنجیدگی سے لیا ہے
بھوپال: مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخابات سے پہلے ووٹر لسٹوں میں بے ضابطگیوں کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے اسے سنجیدگی سے لیا ہے۔ ریاستی انتخابی افسر انوپم راجن نے یہاں تک انتباہ دیا ہے کہ اگر بے ضابطگی پائی جاتی ہے تو بی ایل او اور ای آر او کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
چیف الیکٹورل آفیسر انوپم راجن نے کلکٹر اور ضلع الیکشن افسران کے ساتھ ایک آن لائن میٹنگ کی اور اسمبلی انتخابات 2023 کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ووٹر لسٹ کی حتمی اشاعت 4 اکتوبر کو کی جائے گی۔ اس کے بعد ووٹر لسٹ میں کسی مردہ یا ڈبل انٹری والے ووٹر کا نام نہیں ہونا چاہئے۔ اگر کسی بھی بی ایل او کی ووٹر لسٹ میں مردہ اور دوہرے درج شدہ ووٹرز پائے گئے تو متعلقہ بی ایل او، ای آر او کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اس کے ساتھ ہی چیف الیکٹورل آفیسر راجن نے ووٹر لسٹ میں ناموں کو شامل کرنے، حذف کرنے اور ترمیم کرنے کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں کو مقررہ وقت کے اندر حل کرنے کی ہدایت دی۔
بتایا گیا ہے کہ ریاست میں ووٹر لسٹ کی دوسری خصوصی مختصر نظر ثانی 2023 کے تحت 2 اگست سے 11 ستمبر تک 42 لاکھ 75 ہزار 952 درخواستیں آن لائن اور آف لائن حاصل ہوئیں، جن میں ناموں کو شامل کرنے، حذف کرنے اور ان میں ترمیم کی درخواست کی گئی تھی، ان میں سے 29 لاکھ 46 ہزار 146 درخواستیں نمٹائی جا چکی ہیں۔ جبکہ 13 لاکھ 29 ہزار 806 درخواستیں زیر التوا ہیں، انہیں مقررہ مدت میں حل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ووٹر لسٹ کی حتمی اشاعت 4 اکتوبر کو کی جائے گی اور اس مدت کے دوران، ریاست کے تمام 64 ہزار 523 پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹروں کی فہرستیں بی ایل اوز کی طرف سے دستیاب کرائی جائیں گی۔ اس دوران سیکٹر افسران بھی موجود رہیں گے۔ اس کے ساتھ تسلیم شدہ قومی سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔