مدھیہ پردیش: کٹنی میں تھانے کے اندر دادی اور پوتے کی پٹائی، اسٹیشن انچارج سمیت 6 پولیس اہلکار معطل
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں پولیس اہلکار تھانے کے اندر ایک خاتون اور اس کے پوتے کو پیٹتے ہوئے نظر آ رہا تھا۔ جس کے بعد ریاستی حکومت اور پولیس تنقید کی زد میں تھی
بھوپال: مدھیہ پردیش کے کٹنی ضلع میں دادی اور پوتے کی مبینہ پٹائی کے معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے حکومت نے اسٹیشن انچارج سمیت 6 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔ یہ کارروائی دادی اور پوتے کی پولیس کے ذریعے تھانے میں پٹائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ بدھ کے روز سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی تھی، جس میں ایک پولیس اہلکار تھانے کے اندر ایک خاتون اور ایک لڑکے کو پیٹتے ہوئے نظر آ رہا تھا۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد پولیس انتظامیہ اور حکومت پر سوال اٹھائے جا رہے تھے۔ جس کے بعد پہلے اسٹیشن انچارج کو لائن حاضر کیا گیا اور اب اسٹیشن انچارج سمیت 6 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ موہن یادو کا کہنا ہے کہ جی آر پی کٹنی پولیس اسٹیشن کے افسران اور ملازمین کی طرف سے مار پیٹ کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ میرے نوٹس میں آنے پر فوری طور پر ڈی آئی جی ریلوے کو تحقیقات کے لیے موقع پر بھیجنے کی ہدایت کی گئی۔ ابتدائی تحقیقات کی بنیاد پر اس وقت کے تھانہ انچارج جی آر پی کٹنی کے ساتھ ایک ہیڈ کانسٹیبل اور چار کانسٹیبلوں کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔
اس معاملے پر جبل پور ریلوے کے ایس پی سیمالا پرساد نے کہا، "ہم نے اصل ویڈیو دیکھی ہے۔ دفتر میں سی سی ٹی وی کیمرہ نصب تھا، ٹی آئی ارون کو معطل کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ویڈیو میں نظر آنے والے پانچ دیگر پولیس اہلکاروں کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ آئی جی ریلوے مونیکا شکلا کی سربراہی میں پورے معاملے کی جانچ کی جائے گی۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔