مودی کی تقریب میں پیسہ دے کر بلائے جا رہے لوگ، بی جے پی لیڈر کا آڈیو وائرل!
مدھیہ پردیش میں ایک آڈیو خوب وائرل ہو رہا ہے جس نے بی جے پی خیمہ میں ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔ آڈیو ودیشا سے بی جے پی امیدوار مکیش ٹنڈن اور ریاستی بی جے پی صدر راکیش سنگھ کے درمیان بات چیت پر مبنی ہے۔
مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخاب کی تاریخ بالکل قریب آ چکی ہے۔ اس دوران سیاسی پارٹیوں کے آڈیو اور ویڈیو بھی خوب سامنے آ رہے ہیں اور اس کو بنیاد بنا کر اپنے مخالفین پر حملہ کرنے کا کوئی موقع پارٹیاں ضائع نہیں کر رہی ہیں۔ گزشتہ کچھ دنوں سے بی جے پی لیڈروں کے درمیان بات چیت کا ایک آڈیو بھی خوب وائرل ہو رہا ہے جس نے پارٹی کی نیند اڑا دی ہے۔ قابل ذکر یہ ہے کہ کانگریس نے اس آڈیو سے متعلق انتخابی کمیشن کو شکایت بھیجی ہے اور ضروری کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
دراصل آڈیو میں ودیشا سے بی جے پی امیدوار مکیش ٹنڈن اور بی جے پی ریاستی صدر راکیش سنگھ کے درمیان بات چیت میں کئی ایسی باتیں ہوئیں، جس سے ظاہر ہو رہا ہے کہ مدھیہ پردیش میں بی جے پی کی حالت خستہ ہے اور پی ایم نریندر مودی کی تقریر سننے کے لیے بھی لوگوں کے درمیان پیسے تقسیم کرنے ہوں گے۔ آڈیو میں جو کچھ باتیں ہو رہی ہیں، وہ کچھ اس طرح ہیں:
ٹنڈن: سر میں ٹنڈن بول رہا ہوں ودیشا سے۔
راکیش: ہاٹن ٹنڈن، کیا چل رہا ہے؟
ٹنڈن: تھوڑا فنڈ کا مسئلہ آ رہا تھا۔ پارٹی فنڈ سے تھوڑی مدد مل جاتی تو...۔
راکیش:ارے، تم کو کیا مسئلہ آ گیا؟
ٹنڈن: بہت مسئلہ ہے سر۔ بغیر پیسہ کوئی کام کرنا ہی نہیں چاہ رہا۔
راکیش: تم تو اہل ہو۔
ٹنڈن: اہل تو ہوں سر، میں نے ڈیڑھ کروڑ روپے اپنی جیب سے خرچ کر دیے۔ لیکن سر پارٹی فنڈ سے کچھ مل جاتا...۔
راکیش:ارے تم انتخاب لڑ رہے ہو یا پیسہ بانٹ رہے ہو۔ 22 تمھارے اکاؤنٹ میں آ چکے تھے۔ قومی صدر جی نے دو بھیجے تھے اور شیوراج جی نے بتایا کہ 3 دیے ہیں۔
ٹنڈن: سر وہ تو سب 25 تاریخ کو جلسہ ہے نہ مودی جی کا، اس کی تیاری میں ہی لگ گئے۔ کوئی سننے ہی نہیں آنا چاہ رہا۔
راکیش: وہ ٹنڈر کا ملا تھا تم کو اس کا کیا ہوا، نگرپالیکا کا!
ٹنڈن: آخری رات میں شراب، پیسہ، یہ بہت لگے گا سر۔ بغیر اس کے کیسے جیت پائیں گے۔
راکیش: چلو کرتے ہیں بات چیت شیوراج جی سے، بتاتا ہوں تم کو۔
ٹنڈن: سر، 3 کروڑ لگیں گے ہی لگیں گے۔ دارو، پیسہ، ساڑی سب کریں گے سر۔ سیٹ نکال لیں گے۔ نہیں ہوا تو ہار جائیں گے سر۔
راکیش:ٹھیک ہے کرتے ہیں بات چیت، لیکن دھیان رکھنا۔ انتخاب لڑ رہے ہو، جیت کر ہی آنا۔
کانگریس کے ذریعہ شکایت کیے گئے دعوے کے مطابق آڈیو میں مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان کے بے حد نزدیکی مانے جانے والے ودیشا سے بی جے پی کے امیدوار مکیش ٹنڈن اور بی جے پی کے ریاستی صدر راکیش سنگھ کے درمیان ہوئی بات چیت ہے۔ اس آڈیو میں کارکنان کے لیے نازیبا کلمات کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔ حالانکہ مکیش ٹنڈن نے اس آڈیو کو فرضی بتایا ہے اور اس کی جانچ کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 23 Nov 2018, 5:09 PM