مدھیہ پردیش: زیر تعمیر سولر پلانٹ میں آتشزدگی، کروڑوں روپے کی ملکیت خاکستر

جہاں پر یہ سولر پلانٹ بن رہا ہے اس جگہ پر پہلے جنگل ہوا کرتا تھا اور یہ زمین جنگلاتی زمین تھی۔ اس سولر پلانٹ لگانے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں درخت کاٹے گئے ہیں۔

آگ، علامتی تصویر یو این آئی
آگ، علامتی تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش کے کھنڈوا میں زیر تعمیر سولر پلانٹ میں ہفتہ کی صبح زبردست آگ لگ گئی۔ آگ کی شدت کا اندازہ اسی بات سے کیا جا سکتا ہے کہ اس میں کروڑوں روپے مالیت کے سامان خاکستر ہو گئے ہیں۔ آگ لگنے کی خبر ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور کافی مشقت کے بعد بھی دوپہر تک آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ یہ آگ کس وجہ سے لگی، اس سلسلے میں ابھی کچھ بھی مصدقہ طور پر نہیں بتایا گیا ہے۔

دراصل کھنڈوا میں عمل پورہ کے پاس کنوانی گاؤں پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ذریعہ سولر پلانٹ کا کام کرایا جا رہا ہے۔ یہاں تقریباً 200 ایکڑ زمین پر سولر پلانٹ بن رہا ہے۔ آج صبح تقریباً 11 بجے یہاں اچانک آگ لگ گئی۔ یہ آگ بہت خطرناک تھی اور دور دور تک اس کی لپٹیں دکھائی دے رہی تھیں۔ آس پاس کے لوگوں نے آگ کی خبر فائر بریگیڈ کو دی جس کے بعد دمکل کی کئی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ کافی مشقت کے بعد اس آگ پر قابو پایا جا سکا، حالانکہ ہنوز آگ پوری طرح بجھا نہیں ہے۔


سولر پلانٹ میں لگی آگ کی وجہ سے کروڑوں روپے کا نقصان ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جاور پولیس کے مطابق انھیں تقریباً 11 بجے آگ لگنے کی خبر ملی تھی جس کے بعد فوراً موقع پر فائر بریگیڈ کو بھیجا گیا۔ واضح رہے کہ جہاں پر یہ سولر پلانٹ بن رہا ہے اس جگہ پر پہلے جنگل ہوا کرتا تھا اور یہ زمین جنگلاتی زمین تھی۔ اس سولر پلانٹ لگانے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں درخت کاٹے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔