ایم پی: الیکشن افسرکے خلاف ایف آئی آر درج

کریرا کے افسر کی سرکاری گاڑی اسمبلی انتخابات کے کام کے لیے مختص کی گئی تھی لیکن انہوں نے یہ گاڑی مہیا نہیں کرائی اور انتخابات جیسے اہم کام میں لاپرواہی برتنے کا کھلا ثبوت دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

شیوپوری: مدھیہ پردیش کے ضلع شیوپوری انتظامیہ نے اسمبلی انتخابات کے دوران کام میں لاپرواہی برتنے والےایک الیکشن افسر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنےکی ہدایت دی ہے۔

سرکاری اطلاعات کے مطابق ضلع مجسٹریٹ اور ضلع الیکشن افسر کے حکم پرکریرا کے افسر پی کے بھالسے کی سرکاری گاڑی اسمبلی انتخابات کے کام کے لیے مختص کی گئی تھی۔ لیکن، انہوں نے یہ گاڑی مہیا نہیں کرائی اور انتخابات جیسے اہم کام میں لاپرواہی برتنے کا کھلا ثبوت دیا، اس لیے ان کے خلاف عوامی نمائندگی قانون کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

اس کے قبل کل راجدھانی بھوپال میں اسٹرانگ روم کے نزدیک لگے سی سی ٹی وی کیمرے کے ڈسپلے میں خرابی آنے کی وجہ سے وہ ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک بند رہا۔ کانگریس کارکنان کے ہنگامے کے بعد کلکٹر کو بھی جائے وقوع پر پہنچنا پڑا اور انہوں نے کہا کہ کوئی گڑبڑی نہیں ہوئی ہے۔

دیر شام ساگر ضلع ہیڈکوارٹر پر كھورئي اسمبلی حلقہ سے متعلق ای وی ایم پہنچنے پر بھی کانگریس کارکنوں نے گڑبڑی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مشینیں تقریباً 48 گھنٹے بعد بغیر نمبر کی گاڑیوں سے پہنچیں ۔ حالانکہ انتظامیہ نے کہا کہ یہ مشینیں اضافی تھیں اور ووٹنگ والي مشینیں اسٹرانگ روم میں محفوظ ہیں۔ اسی طرح کی خبریں كھرگون سے بھی موصول ہوئی ہیں۔

مدھیہ پردیش کی سبھی 230 اسمبلی سیٹوں کے لیے 28 نومبر کو ووٹنگ ہوئی تھی اور سبھی حلقوں میں ووٹون کی گنتی 11 دسمبر كو ہوگی۔ اس مدت کے دوران ای وی ایم متعلقہ اضلاع میں سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان اسٹرانگ روم میں رکھی گئی ہیں۔ اسٹرانگ روم کے گرد و نواح کی ویڈیوگرافی بھی کرائی جا رہی ہے اور مختلف جماعتوں نے نگرانی کےلئے وہاں اپنے نمائندے تعینات کئے ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Dec 2018, 2:09 PM