ایم پی: بے روزگار نوجوانوں کو کمل ناتھ کا تحفہ، ’یوا سوابھیمان‘ منصوبہ کا اعلان

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کہا کہ انتخابی منشور پر تیزی سے عمل ہو رہا ہے۔ نوجوانوں کے لئے یوا سوابھیمان منصوبہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں 100 دن کی تربیت دی جائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے چھندواڑا میں یوم جمہوریہ کے موقع پر شہری غریب نوجوانوں کو عارضی طور پر روزگار کے ساتھ ان کی دلچسپی کے مطابق تربیت دینے کے لئے یوا سوابھیمان منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کہا کہ ان کی حکومت ریاست کے شہری علاقوں کے غریب نوجواونوں کو ایک سال میں 100 دنوں کا روزگار مہیا کرائے گی۔ انہوں نے مزید کہا، ’’ریاست کا مستقبل نوجوان قوت کے ہاتھ میں ہے۔ نوجوانوں میں قابلیت کی کمی نہیں ہے، ضرورت انہیں موقع دینے کی ہے۔ دیہی علاقوں میں تو نوجوانوں کو روزگار منریگا سے مل جاتا ہے، لیکن شہری نوجوان اس طرح کے کسی مواقع سے محروم رہ جاتے ہیں، اس لئے ان کے لئے عارضی طور پر روزگار اور مہارت کی تربیت سے جوڑ کر نئی اسکیم ’یوا سوابھیمان‘ نافذ کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سے شہری علاقہ کے غریب نوجوانوں کو ایک سال میں 100 دن کا روزگار دستیاب کرایا جائے گا۔ اسی روزگار کے دوران ان کی خواہش کے مطابق تربیت دی جائے گی۔

انہوں نے ریاست کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ نئی حکومت کو آئے ہوئے 40 دن ہوئے ہیں اور ریاست کے عوام کو دیئے گئے علامتی معاہدہ نامہ کو لاگو کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔ کسانوں کے 2 لاکھ تک کا قرض معاف کرنے کا حکم جاری کیا ہے، اس پر عمل بھی شروع ہو گیا۔ 15 جنوری کو تمام پنچایتوں میں اہل کسانوں کی فہرست بھی لگا دی گئی ہے اور درخواست جمع کرنے کا کام بھی شروع ہو گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔