مدھیہ پردیش: مندسور میونسپل کارپوریشن صدر کا قاتل بی جے پی کارکن گرفتار

مندسور میونسپل کارپوریشن صدر اور بی جے پی لیڈر پرہلاد بندھوار نئی آبادی علاقہ میں سابق کونسلر وجے شرما کی دکان پر کھڑے تھے جب موٹر سائیکل سوار حملہ آور نے ان کے سر میں گولی مار دی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش کے مندسور میں بی جے پی لیڈر اور میونسپل کارپوریشن صدر پرہلاد بندھوار کے قتل معاملہ میں ایک حیرت انگیز انکشاف ہوا ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ ان کا قاتل بی جے پی کا ہی ایک کارکن ہے جس کا نام منیش بیراگی ہے اور اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گزشتہ جمعرات کو مندسور میونسپل کارپوریشن صدر پرہلاد بندھوار کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ قتل کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی تھی اور اس سلسلے میں کانگریس کے اوپر انگلیاں اٹھائی جا رہی تھیں۔ اب جبکہ بی جے پی کارکن گرفتار ہو چکا ہے تو یہ ثابت ہو گیا ہے کہ کانگریس کو بدنام کرنے کے مقصد سے یہ سب کچھ کیا گیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ میونسپل کارپوریشن صدر بندھوار نئی آبادی علاقے میں سابق کونسلر وجے شرما کی دکان پر کھڑے تھے۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار حملہ آور وہاں پہنچے اور پرہلاد بندھوار کے سر میں گولی مار دی۔ گولی لگتے ہی بندھوار گر پڑے۔ انھیں فوراً ضلع اسپتال لے جایا گیا لیکن ڈاکٹروں نے بندھوار کو مردہ قرار دے دیا۔ پرہلاد بندھوار کی موت کے بعد ان کے حامیوں اور مقامی لوگوں نے خوب ہنگامہ کیا۔ ناراض لوگوں نے اسپتال میں توڑ پھوڑ بھی کی تھی۔

میونسپل کارپوریشن صدر کو گولی مارنے کی اطلاع کے بعد پولس سپرنٹنڈنٹ اپنی ٹیم کے ساتھ ضلع اسپتال پہنچے تھے اور ناراض لوگوں کو خاموش کرایا تھا۔ اس معاملے میں پولس نے کیس درج کر کے جانچ فوراً شروع کر دی اور حملہ آور کی تلاش جاری تھی۔ پولس نے اب اس قتل کے ملزم بی جے پی کارکن کو گرفتار کر لیا ہے اور اس سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔ پولس آج ملزم کو لے کر راجستھان سے مدھیہ پردیش پہنچے گی جہاں اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پولس کی پوچھ تاچھ میں کئی بڑے انکشافات ہو سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔