جھوٹ بولنا پی ایم مودی کی فطرت، انتخاب کے وقت وہ ’سپر جھوٹ‘ بولنے لگتے ہیں: جئے رام رمیش

جئے رام رمیش نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’پی ایم مودی جھوٹ کے وشوگرو ہیں، ان کے منھ سے سچ کبھی نہیں نکلتا، جس طرح سے انھوں نے کانگریس حکومت پر الزام لگائے ہیں وہ سچائی کے بالکل برعکس ہے۔‘‘

کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش
کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش
user

قومی آواز بیورو

’’پی ایم مودی کے ہاتھ میں صرف دو ہتھیار ہیں۔ ایک ہاتھ میں ای ڈی-سی بی آئی اور دوسرے ہاتھ میں پولرائزیشن کی سیاست۔ ای ڈی-سی بی آئی تو بی جے پی کے سپراسٹار پرچارک ہیں اور پولرائزیشن کی سیاست پی ایم مودی خود کرتے ہیں۔‘‘ یہ بیان کانگریس کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش نے راجستھان کے اودے پور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ انھوں نے اس دوران پی ایم مودی پر ہمیشہ جھوٹ بولنے کا الزام بھی عائد کیا۔ جئے رام رمیش نے کہا کہ ’’پی ایم مودی جھوٹ کے وشو گرو ہیں۔ ان کے منھ سے سچ کبھی نہیں نکلتا۔ جس طرح سے انھوں نے کانگریس حکومت پر الزامات عائد کیے ہیں، وہ حقائق کے بالکل برعکس ہے۔‘‘

دراصل گزشتہ روز راجستھان میں ایک انتخابی جلسہ کے دوران پی ایم مودی نے کنہیا قتل معاملے میں کانگریس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اسی تعلق سے جب آج ایک نامہ نگار نے جئے رام رمیش سے پریس کانفرنس میں یہ سوال کر دیا کہ ’’پی ایم مودی نے کانگریس کو ٹارگیٹ پر لیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے صرف مچھلیاں پکڑی ہیں، بی جے پی حکومت آئے گی تو مگرمچھ پکڑے جائیں گے۔ آخر کون سے مگرمچھ چھوڑ دیے آپ نے۔‘‘ اس پر جئے رام رمیش نے کنہیا قتل معاملہ کے ملزم ریاض کی تصویر دکھائی اور کہا کہ ’’کنہیا قتل معاملے کا ملزم بی جے پی لیڈروں کے ساتھ کھڑا دکھائی دے رہا ہے۔ یہ کون سی پارٹی کا مگرمچھ ہے! اس ملزم کو ہماری حکومت نے 4 گھنٹے کے اندر پکڑ لیا۔ لیکن دیکھیے کہ یہ کون سی پارٹی کا کارکن ہے۔‘‘


مذکورہ بیان کی ویڈیو جئے رام رمیش نے اپنے ایکس ہینڈل پر شیئر بھی کی ہے اور ساتھ میں لکھا ہے کہ ’’جھوٹ بولنا تو وزیر اعظم کی فطرت ہے۔ لیکن انتخاب کے وقت وہ سپر جھوٹ بولنے لگتے ہیں۔ جب وہ وزیر اعلیٰ تھے تب سے ہی ایسا کرتے آ رہے ہیں۔ انتخابی تشہیر کے دوران وہ ایک کے بعد ایک لگاتار جھوٹ بول رہے ہیں۔‘‘ ویڈیو میں جئے رام رمیش یہ بھی کہتے دکھائی دے رہے ہیں کہ نریندر مودی جب گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے، تب سے ہی جھوٹ بولتے رہے ہیں۔ وہ جھوٹ کو بار بار دہراتے ہیں جس سے لوگوں کو ان کے جھوٹ پر بھروسہ ہو جاتا ہے اور وہ اسے سچ ماننے لگتے ہیں۔

اُدے پور میں پریس کانفرنس کے دوران جئے رام رمیش نے مرکزی حکومت پر ای ڈی اور سی بی آئی کو لے کر سوال بھی داغے۔ انھوں نے کہا کہ سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال حکومت لگاتار کر رہی ہے۔ چھتیس گڑھ اور راجستھان کے وزرائے اعلیٰ کے خلاف بھی ان ایجنسیوں کو اتارا گیا ہے۔ ای ڈی اور سی بی آئی تو بی جے پی کے سپراسٹار کیمپینر ہو گئے ہیں۔


جئے رام رمیش نے نامہ نگاروں کے سامنے راہل گاندھی کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس یاترا سے ملک میں تبدیلی کا دور شروع ہوا ہے، جس کا اثر قبل میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں دیکھنے کو ملا۔ پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کا جو نتیجہ آنے والا ہے، اس میں بھی بھارت جوڑو یاترا کا اثر دیکھنے کو ملے گا۔ جئے رام رمیش کا کہنا ہے کہ ملک میں گجرات ماڈل کی بات ہوتی ہے، لیکن راجستھان کی کانگریس حکومت نے تعلیم، طب اور خواتین کی حفاظت کو لے کر جس طرح بہتر کام انجام دیا ہے، وہ ملک کے لیے ایک نیا ماڈل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔