یوکرین سے دہلی پہنچی ’لاکی‘، مگر ایئر لائن نے کیرالہ کا سفر کرانے سے کیا انکار
طالبہ انجو داس نے کہا کہ وہ یوکرین میں اپنے سب سے اچھے ساتھی کو چھوڑنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتی تھی اور اس لئے اسے اپنے ساتھ لانے کا فیصلہ کیا۔
ترواننت پورم: یوکرین سے اپنی مالک انجو داس کے ساتھ ’لاکی‘ نامی بلی بحفاظت ہندوستان آ گئی ہے، لیکن دہلی پہنچنے کے بعد لوکل فلائٹ نے پالتو جانوروں کو لے جانے پر عائد پابندی کے سبب بلی کو سفر کرانے سے انکار کر دیا گیا۔
طالبہ انجو داس نے کہا کہ وہ یوکرین میں اپنے سب سے اچھے ساتھی کو چھوڑنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتی تھی اور اس لئے اسے اپنے ساتھ لانے کا فیصلہ کیا۔ اب انہوں نے عہد کر لیا ہے کہ اگر وہ جنگ زدہ یوکرین سے ’لاکی‘ کو ہندوستان لا سکتی ہیں تو اسے اپنے ابائی مقام کیرالہ کے چنگنور بھی لے جا کر رہیں گی۔
دونوں کو رومانیائی سرحد تک پہنچنے کے لئے طویل سفر کرنا پڑا، جہاں انجو داس ہندوستانی سفارت کار کے ملازمین سے ملیں جنہوں نے ’لاکی‘ کو ہندوستانی فضائیہ کی خصوصی پرواز میں سوار ہونے کی منظوری فراہم کر دی۔ بدھ کی رات پرواز دہلی پہنچی اور پھر اس کی پریشانی شروع ہو گئی۔
داس نے کہا کہ "مجھے بورڈنگ پاس مل گیا اور ابتدائی طور پر راضی ہونے کے بعد ایئر لائن نے بعد میں کہا کہ میں ’لاکی‘ کو نہیں لے جا سکتے۔ انہوں نے میری بات نہیں سنی اور صرف اتنا کہا کہ پالتو جانوروں کی لے جانے کی اجازت نہیں ہے، لہذا میں نے اس پرواز سے اترنے کا فیصلہ کیا۔ اگر میں اپنی بلی کو یوکرین سے اتنی مشکل سے لا سکتی ہوں تو میں اسے گھر بھی لے کر جاؤں گی۔"
یہ بھی پڑھیں : آپریشن گنگا: یوکرین سے مزید 600 ہندوستانیوں کی وطن واپسی
انہوں نے کہا کہ جمعہ کو یہاں سے کیرالہ کے لیے دو پروازیں ہیں اور میں دوبارہ کوشش کروں گی۔ انجو داس کہتی ہیں کہ وہ اپنے پالتو جانور کو کیرالہ میں اپنے گھر لے جانے کے لیے پرعزم ہیں، جو بدترین وقت میں بھی ان کے ساتھ کھڑی رہی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔