لکھنؤ میں مفت پوری کھانے پر تنازعہ، کوتوالی کے سامنے دکاندار کا گولی مار کر قتل
زخمی پشپ راج نے بتایا کہ دوپہر نشے میں دھت موٹر سائیکل سوار 2 نوجوان دکان پر پوڑی کھانے آئے اور کھانے کے بعد بغیر پیسہ دیئے چل دیئے۔ پیسے نہ دینے پر دیپو اور ان نوجوانوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی تھی۔
لکھنؤ: اترپردیش کی راجدھانی لکھنؤ كینٹ علاقہ میں نامعلوم بدمعاشوں نے اسکوٹی سوار ایک دکاندار کو گولی مار کر قتل کر دیا جبکہ اس کا نوکر زخمی ہو گیا۔ سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ کلا ندھی نیتھانی نے یہاں یہ اطلاع دی۔
انہوں نے بتایا کہ کینٹ کےعلاقہ رام داس احاطہ کے رہائشی 38 سالہ دیپو صدر میں پوڑی کی دکان کرتا تھا۔ ہفتہ کی شب تقریباً آٹھ بجے وہ اپنی دکان بند کرکے اسکوٹی پر اپنے نوکر پشپ راج کے ساتھ کہیں جا رہا تھا۔ صدر پل کے آگے موٹر سائیکل سوار دو حملہ آوروں نے دیپو کو گولی مار دی۔ اس واقعہ میں دیپو زخمی ہو گیا جبکہ اس کے نوکر پشپ راج کے ہاتھ میں گولی لگی ہے۔ دونوں کو ٹراما سینٹر لے جایا گیا، ڈاكٹروں نے دیپو کو مردہ قرار دے دیا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی کو دیکھتے ہوئے احتیاطاً پولس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔
زخمی پشپ راج نے بتایا کہ دوپہر شراب کے نشے میں دھت موٹر سائیکل سوار دو نوجوان دکان پر پوڑی کھانے آئے اور کھانے کے بعد بغیر پیسہ دیئے چل دیئے۔ پیسے نہ دینے پر دیپو اور ان نوجوانوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی تھی۔ کچھ دیر بعد دو نوجوان کار پر سوار وہاں پہنچے اور پوڑی لیکر چل دیئے اور پستول نکال کر اس کو دھمکی دیتے ہوئے گئے۔ ایک نوجوان نے خود كو کرائم برانچ کا اسٹاف بتایا اور گالی گلوج بھی کی۔
نیتھانی نے بتایا کہ پولس بدمعاشوں کی شناخت کے لئے آس پاس کے سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگال رہی ہے۔ انہوں نے قاتلوں کو جلد پکڑنے کا دعوی کیا ہے۔ بدمعاشوں کو پکڑنے کے لئے پولس کی ٹیم بھی قائم کر دی گئی ہے اور ان کی تلاش کی جا رہی ہے۔ علاقے کے لوگوں کا پولس پر الزام ہے کہ چوکی نزدیک ہونے پر بھی ان لوگوں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ پولس معاملے کی چھان بین کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔