لکھنؤ: مودی کے دورے کے پیش نظر راجدھانی میں سیکورٹی سخت

پی ایم مودی پہلے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی 25 فٹ اونچی مورتی کی نقابی کشائی کریں گے اور اس کے بعد اٹل بہاری واجپئی کے نام سے میڈیکل یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لکھنؤ: وزیر اعظم نریندر مودی کے بدھ کو ریاستی راجدھانی لکھنؤ کے دورے کے پیش نظر راجدھانی میں سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسپیشل پروٹیکشن گروپ نے لوک بھون کی سیکورٹی کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔

بدھ کو ریاستی راجدھانی میں اپنے دورے کے دوران نریندرمودی سابق وزیر اعظم آنجہانی اٹل بہاری واجپئی کے 95 ویں یوم پیدائش کے موقع پر لوک بھون میں ان کی مورتی کی نقاب کشائی کریں گے۔ اس دوران وہ 25 منٹ کی تقریر بھی کریں گے۔ ریاستی راجدھانی میں اپنے دو گھنٹے کے دورے کے دوران مودی لوک بھون میں منعقد واحد پروگرام میں شرکت کریں گے۔ لوک بھون میں وہ پہلے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی 25 فٹ اونچی مورتی کی نقابی کشائی کریں گے اور اس کے بعد اٹل بہاری واجپئی کے نام سے میڈیکل یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔


افسران کے مطابق مودی بدھ کو لکھنؤ ائیر پورٹ پر 1430 بجے پہنچیں گے۔ پھر یہاں سے وہ لا مارٹینئر کالج پہنچیں گے۔ وہ لوک بھون دوپہر تین بجے پہنچیں گے اور وہاں 90 منٹ تک ٹھہرنے کے بعد وہ لکھنؤ سے شام تقریباً 5 بجے روانہ ہوجائیں گے۔ اس موقع پر ریاست کی گورنر آنندی بین پٹیل، وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور دیگر وزراء اور سینئر افسران موجود رہیں گے۔

وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے لکھنؤ میں انٹر نیٹ خدمات کو چند گھنٹے بحال کرنے کے بعد دوبارہ معطل کردیا ہے اور کل شام تک معطل رہنے کے آثار ہیں۔ وہیں لوک بھون کے اندر اور آس پاس بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکار کو تعینات کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ جمعرات کو شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت میں ہوئے احتجاج کے دوران تشدد پھوٹ پڑنے کے بعد لکھنؤ کی سیکورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔