کورونا ٹیسٹ گھٹا کر لاک ڈاؤن کی سختی کیجریوال حکومت کی ناکامی کا ثبوت: کانگریس
دہلی پردیس کانگریس کا کہنا ہے کہ راجدھانی میں کورونا ٹیسٹ کی تعداد گھٹا کر اور لاک ڈاؤن کی سختیاں بڑھاتے ہوئے کورونا انفیکشن پر قابو پانے کی کوشش کرنا کیجریوال حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے۔
دہلی پردیس کانگریس نے دہلی حکومت کے ذریعہ لاک ڈاؤن کی مدت کو مزید ایک ہفتہ بڑھائے جانے پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس نے لاک ڈاؤن کی مدت بڑھانے اور مزید سختی کیے جانے کے اعلان کو حکومت کی ناکامی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ دہلی پردیس کانگریس کے صدر چودھری انل کمار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’کیجریوال نے ایک سال کا وقت پہلے ہی برباد کر دیا، لیکن حیرانی کی بات ہے کہ وہ لاک ڈاؤن کا استعمال کورونا وبا کو روکنے کی تیاری کرنے کی جگہ بی جے پی کے ساتھ الزامات کی سیاست کرنے میں لگے رہے۔‘‘
چودھری انل کمار نے کہا کہ انفیکشن کی شرح اور شرح اموات اس کا ثبوت ہیں کہ کیجریوال حکومت پوری طرح سے ناکام ہے۔ پہلے دو ہفتے کے لاک ڈاؤن کے دوران انفیکشن گھٹنے کی جگہ بڑھے۔ جس طرح سے سختی بڑھانے کی بات کر کیجریوال نے لاک ڈاؤن کے دوران ٹیسٹ کو کم کیا، وہ ثابت کرتا ہے کہ کیجریوال کے پاس لاک ڈاؤن اور سختی کے علاوہ کوئی پالیسی نہیں ہے۔
دہلی میں لاک ڈاؤن لگنے سے یہاں کام کر رہے مزدوروں کے سامنے اب نئے چیلنجز درپیش ہیں۔ انل کمار نے مزدوروں کی بات کرتے ہوئے کہا کہ کیجریوال کی ناکامی کے سبب دہاڑی مزدور، چھوٹے کاروباری سمیت سبھی طبقات کے پاس آج کھانے کے لالے پڑ چکے ہیں، دہلی حکومت کی طرف سے کوئی معاشی راحتی پیکیج کا اعلان نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : مودی پر چڑھا ہوا سونے کا پانی اتر گیا... سہیل انجم
دہلی پردیس کانگریس نے دہلی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بڑ راحتی پیکیج کا اعلان ہو جس میں دہلی کے ہر طبقہ کا خیال رکھا جائے۔ ہر فیملی کے اکاؤنٹ میں 10 ہزار روپے کی معاشی مدد اور بغیر کاغذات کا خیال کیے لوگوں کو خشک و گیلا راشن دیا جانا چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔