’لو گرو‘ پروفیسر مٹک ناتھ ریٹائرمینٹ کے بعد اب ہاتھ پیلے کریں گے!
’لو گرو ‘مٹک ناتھ نے اپنے منفرد انداز میں اپنے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے ساتھ یہ بھی اعلان کر دیا ہے کہ اب وہ شادی اور مستی کریں گے کیونکہ ابھی تو ان کی جوانی انگڑائی لے رہی ہے۔
پٹنہ یونیورسٹی کے بی این کالج میں ہندی کے پروفیسر اور’ لو گرو‘ کے نام سے مشہور پروفیسر مٹک ناتھ چودھری گزشتہ روز یعنی بدھ کے روز ریٹائر ہو گئے ، انہوں نے اپنے منفرد انداز میں اپنے ریٹائرمینٹ کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اب شادی اور مستی کریں گے کیونکہ ابھی تو ان کی جوانی نے انگڑائی لی ہے۔
پروفیسر نے فیس بک پوسٹ میں لکھا ہے کہ وہ 65 سال کے لڑکے ہیں ، وہ لکھتے ہیں ’’ابھی توجوانی نے انگڑائی لی ہے ، جسم کے ہر حصہ سے جوانی کی امنگ چھلک رہی ہے ۔ جب وہ مست ہو کر تیز چلتے ہیں تو لوگ نظر لگاتے ہیں ۔ دوڑتے ہیں تو دانتوں تلے انگلی دباتے ہیں ، اب ہم کسی بھی ڈگر چلیں لوگ نظر لگاتے ہیں ‘‘۔مٹک ناتھ نے آگے لکھا ہے کہ ان کی خوش نصیبی ہے کہ اس چڑھتی جوانی میں وہ ریٹائر ہو رہے ہیں۔ لوگ جب پوچھتے ہیں کہ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ کیا کریں گے تومٹک ناتھ کہتے ہیں کہ چڑھتی جوانی میں جو کیا جاتا ہے وہیں کریں گے، مطلب یہ کہ شادی کریں گے۔
مٹک ناتھ یہیں نہیں رکے انہوں نے آگے لکھا کہ’’ لڑکی والے پریشان کر رہے ہیں ان کا آنا جانا بڑھ گیا ہے لیکن میں تھوڑا شرمیلا اور روایات سے محبت کرنے والا لڑکا ہوں اس لئے لڑکی والوں سے بات نہیں کرتا اس لئے انہیں میں اپنے سرپرستوں کے پاس بھیج دیتا ہوں اور میرے سرپرست میرے شاگرد ہیں ۔ میرے سرپرست جو فیصلہ کریں گے میں ویسا ہی کروں گا ‘‘۔
واضح رہے پروفیسر مٹک ناتھ راتوں و رات’ لو گرو‘ اس وقت بن گئے تھے جب انہوں نے 51 سال کی عمر میں خود سے 30 سال چھوٹی اپنی 21 سالہ شاگرد ہ جولی کے ساتھ اپنی محبت کا اعلان کرتے ہوئے اسے اپنی شریک حیات بنانے کا اعلان کیا تھا۔ ان کی پہلی بیوی ابھا چودھری نے اس میں ویلن کا کردار ادا کرتے ہوئے بہت ہنگامہ کیا تھا لیکن مٹک ناتھ اور جولی کو الگ کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی تھیں ۔ لیکن اس وقت مٹک ناتھ اکیلے ہیں کیونکہ جولی سال 2014 میں ان کو چھوڑ کر چلی گئی اور ان کی پہلی بیوی ابھا چودھری نے انہیں پہلے ہی چھوڑ دیا تھا۔ اب دیکھیے ’لو گرو ‘ پروفیسر مٹک ناتھ کس کے ساتھ نین مٹکہ کرتے ہیں اور پھر کس کے ساتھ اپنے ہاتھ پیلے کرتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔