بنگال: ٹی ایم سی نے سب سے زیادہ 17 خواتین کو دیئے ٹکٹ، بی جے پی سب سے پیچھے

لوک سبھا انتخابات میں ترنمول کانگریس نے کچھ نئے چہروں کو بھی موقع دیا ہے، پہلی بار الیکشن لڑ رہی خواتین امیدواروں میں موسم بے نظیر نور، اپوروا سرکار، مہوا موئترا، ممی چکرورتی اور مالا رائے شامل ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

آدھی آبادی کو نمائندگی کا موقع دینے کے معاملے میں دیگر پارٹیوں کے مقابلہ میں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) سب سے آگے ہے اور اس نے لوک سبھا انتخابات کے لئے مغربی بنگال میں اس بار بھی 41 فیصد نشستیں خواتین کو دی ہیں۔

گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں ترنمول کانگریس کے 34 ممبران پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے جن میں خواتین ارکان پارلیمنٹ کی تعداد 12 تھی۔ پارٹی نے اس بار 17 خواتین امیدوار کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ ریاست میں کانگریس نے 7 خواتین کو امیدوار بنایا ہے جبکہ بی جے پی نے محض 5 خواتین کو ٹکٹ دیا ہے۔

بنگال: ٹی ایم سی نے سب سے زیادہ 17 خواتین کو دیئے ٹکٹ، بی جے پی سب سے پیچھے

ترنمول کانگریس نے جن خواتین کو امیدوار بنایا ہے، ان میں فلمی ہستیاں اور تھیٹر آرٹسٹ شامل ہیں۔ ٹی ایم سی کی طرف سے انتخابی میدان میں اترنے والی خواتین امیدواروں میں من من سین (آسنسول)، شتابدی رائے (ويربھوم)، ارپتا گھوش (بیلورگھاٹ)، موسم بے نظیر نور (مالدہ شمالی)، اپوروا سرکار ( بیرام پور)، مہوا موئترا (کرشنا نگر)، روپالی وشواس (راناگھاٹ)، ممتاز سنگھ مترا (بردوان-درگاپور)، ممتابالا ٹھاکر (بنگاؤں)، اپروپا پوددار (آرام باغ)، كاكولی گھوش دستيدار (باراسات)، نصرت جہاں (بشيرهاٹ)، پرتیما منڈل (جے نگر)، ممی چکرورتی (جادو پور)، مالا رائے (کولکتہ جنوبی)، رتنا ڈے ناگ (ہگلی) اورساجدہ احمد (الوبیريا) اہم ہیں۔

ارولیا سے امیدوار ساجدہ احمد
ارولیا سے امیدوار ساجدہ احمد

لوک سبھا انتخابات میں ترنمول کانگریس نے کچھ نئے چہروں کو بھی موقع دیا ہے. پہلی بار الیکشن لڑ رہی خواتین امیدواروں میں موسم بے نظیر نور، اپوروا سرکار، مہوا موئترا، ممی چکرورتی اور مالا رائے شامل ہیں، مہوا موئترا ترنمول کانگریس کی ترجمان اور موجودہ رکن اسمبلی ہیں اور لوک سبھا انتخابات لڑنے کا یہ ان کا پہلا موقع ہے۔ انہوں نے 2016 میں کریم نگر اسمبلی سیٹ سے الیکشن لڑا تھا اور 1972 سے بائیں بازو کا گڑھ رہے اس سیٹ پر قبضہ کیا تھا، مہوا کے خلاف بی جے پی نے سابق فٹبالر کلیان چوبے کو الیکشن میں اتارا ہے۔

مالدہ سے امیدوار موسم بے نظیر نور
مالدہ سے امیدوار موسم بے نظیر نور

پارٹی نے 10 خواتین کو دوبارہ موقع دیا ہے، ان میں من من سین، شتابدی رائے، ارپتا گھوش، ممتاز سنگھ مترا، ممتا بالا ٹھاکر، اپروپا پوددار، كاكولی گھوش دستيدار، پرتیما منڈل، رتنا ڈے ناگ اور ساجدہ احمد امیدوار ہیں۔ موجودہ ایم پی كاكولی گھوش دستيدار ترنمول کانگریس کی خاتون ونگ کی صدر بھی ہیں۔ ويربھوم میں شتابدی رائے جیت کی ہیٹ ٹرک لگانے کے لئے زور لگا رہی ہیں جبکہ مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) کے گڑھ رہے بانكرا میں ترنمول کانگریس کا جھنڈا گاڑ چکی من من سین اب بی جے پی کے قبضے والی آسنسول میں پارٹی کا پرچم لہرانے کے لیے پر عزم دکھائی دے رہی ہیں۔

بشیر ہاٹ سے امیدوار نصرت جہاں
بشیر ہاٹ سے امیدوار نصرت جہاں

کانگریس کی چھ خواتین امیدواروں میں پریا رائے چودھری (كوچ بهار-ایس یو)، دیپا داس منشی (رائے گنج)، ایشا خان چودھری (مالدہ شمال)، گیتا چکرورتی (کولکتہ جنوبی)، شبھرا گھوش (ہوڑہ)، سوما رانی شری رائے (الوبیريا) اور جیوتی داس (آرام باغ) پر مشتمل ہے، رائے گنج لوک سبھا سیٹ سے امیدوار دیپا داس منشی کانگریس کے سابق سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر رہے پریہ رنجن داس منشی کی بیوی ہہیں، دیپا داس منشی 2009 میں رائے گنج سے ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوئی تھی اور مرکزی شہری ترقیاتی کی ریاستی وزیر رہیں۔ انہوں نے 2014 میں بھی اسی سیٹ سے الیکشن لڑا تھا، لیکن سی پی ایم کے محمد سلیم سے انتخاب ہار گئیں تھیں۔

بی جے پی کی جانب سے محفوظہ خاتون (جنگی پور)، لاکٹ چکرورتی (ہگلی)، بھارتی گھوش (گھاٹل) دیوشری چودھری (رائے گنج) اور شری روپا مترا چودھری (مالدہ جنوبی) پر مشتمل ہے، جنگی پور سے الیکشن لڑ رہی محفوظہ خاتون مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئی ہیں اور یہاں ان کا مقابلہ کانگریس امیدوار اور سابق صدر پرنب مکھرجی کے بیٹے ابھیجیت مکھرجی سے ہے۔ گھاٹل سے بی جے پی امیدوار سابق ہندوستانی پولس سروس (آئی پی ایس) افسر ہیں اور اب سیاست میں سرگرم ہیں۔ ہگلی سیٹ سے بی جے پی امیدوار لاکٹ چٹرجی پارٹی کی خاتون یونٹ کی صدر بھی ہیں۔


مغربی بنگال میں خاتون امیدوار والی سیٹوں میں سے کچھ پر انتخابات ہو چکے ہیں، چوتھے مرحلے میں 29 اپریل کو آسنسول، ويربھوم، بیرام پور، کرشنا نگر، راناگھاٹ اور بردوان-درگاپور، پانچویں مرحلے میں چھ مئی کو ہگلی، بنگاؤں، الوبیريا، ہوڑہ اور آرام باغ، چھٹے مرحلے میں 12 مئی کو گھاٹول اور ساتویں اور آخری مرحلے میں 19 مئی کو بشيرهاٹ، جادھوپور، باراسات، جے نگر اور کولکاتا جنوب میں پولنگ ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔