لوک سبھا انتخاب 2024: پانچویں مرحلے کے ساتھ اب تک 428 سیٹوں پر ووٹنگ ختم، اب سبھی کی نظریں بقیہ دو مراحل پر
آج پانچویں مرحلہ میں 57.47 فیصد پولنگ ہوئی، ریاست وار بات کریں تو سب سے زیادہ مغربی بنگال میں 73 فیصد ووٹنگ درج کی گئی ہے، وہیں سب سے کم 48.88 فیصد ووٹنگ مہاراشٹر میں ہوئی ہے۔
لوک سبھا انتخاب کے پانچویں مرحلہ کی پولنگ پیر کی شام ختم ہو گئی۔ اس کے ساتھ ہی اب تک لوک سبھا کی 428 سیٹوں پر انتخاب کا عمل انجام پا گیا ہے۔ اس سے پہلے ہوئے چار مراحل میں 379 سیٹوں پر پولنگ ہوئی تھی۔ پانچویں مرحلہ میں آج 49 پارلیمانی حلقوں پر ووٹ ڈالے گئے۔ اس مرحلہ میں اتر پردیش کی لکھنؤ، رائے بریلی و امیٹھی اور مہاراشٹر میں نارتھ ممبئی، ساؤتھ ممبئی جیسی مشہور پارلیمانی سیٹوں پر ووٹنگ ہوئی۔
پانچویں مرحلہ میں شام 6 بجے تک 57.47 فیصد ووٹنگ کی اطلاع دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے ابھی حتمی اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے ہیں۔ ریاست وار بات کریں تو سب سے زیادہ مغربی بنگال میں 73 فیصد ووٹنگ درج کی گئی ہے، جبکہ سب سے کم ووٹنگ مہاراشٹر میں دیکھنے کو ملی جہاں 48.88 فیصد ووٹرس نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ اس مرحلہ میں مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ لکھنؤ سے انتخابی میدان میں تھے۔ یہاں شام 5 بجے تک 49.88 فیصد پولنگ ہوئی۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی رائے بریلی پارلیمانی سیٹ سے میدان میں تھے، یہاں شام 5 بجے تک 56.26 فیصد پولنگ درج کی گئی۔
آج پانچویں مرحلہ میں جن 8 ریاستوں و زیر انتظام خطوں میں پولنگ ہوئی، ان میں بہار، جموں و کشمیر، لداخ، جھارکھنڈ، مہاراشٹر، اڈیشہ، اتر پردیش اور مغربی بنگال شامل رہے۔ ووٹنگ کا عمل آج صبح سات بجے شروع ہوا اور شام چھ بجے ختم ہو گیا۔ اس مرحلہ میں بزرگ ووٹرس بھی بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے باہر نکلے۔ پانچویں مرحلہ میں 85 سال سے زیادہ عمر کے 7.81 لاکھ سے زیادہ رجسٹرڈ ووٹرس تھے۔ 100 سال سے زیادہ عمر کے 24792 ووٹرس اور 7.03 لاکھ معذور (پی ڈبلیو ڈی) ووٹرس تھے۔ بہر حال، چھٹے مرحلہ کی ووٹنگ 25 مئی کو اور آخری مرحلے کی ووٹنگ یکم جون کو ہوگی۔ ووٹ شماری 4 جون کو کی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔