لوک سبھا انتخابات: چھٹے مرحلے کی پولنگ کے دوران سونیا، راہل، پرینکا نئی دہلی سیٹ پر ڈالا ووٹ

سونیا گاندھی اور راہل گاندھی نے ہفتہ کی صبح نئی دہلی سیٹ کے ایک پولنگ بوتھ پر اپنا ووٹ ڈالا۔ ووٹ ڈالنے کے بعد راہل گاندھی نے اپنی والدہ سونیا گاندھی کے ساتھ سیلفی بھی کلک کی

<div class="paragraphs"><p>سونیا گاندھی، راہل گاندھی کی سیلفی</p></div>

سونیا گاندھی، راہل گاندھی کی سیلفی

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ہفتہ کی صبح نئی دہلی سیٹ کے ایک پولنگ بوتھ پر اپنا ووٹ ڈالا۔ ووٹ ڈالنے کے بعد راہل گاندھی نے اپنی ماں سونیا گاندھی کے ساتھ سیلفی بھی کلک کی۔

اس بار کانگریس اور عام آدمی پارٹی اتحاد میں ہیں اور نئی دہلی پارلیمانی حلقہ عآپ کے حق میں گیا ہے۔ یہاں عام آدمی پارٹی کے امیدوار سومناتھ بھارتی میدان میں ہیں۔ ان کے مقابلے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی امیدوار بنسوری سوراج ہیں۔

راہل اور سونیا ایک ساتھ ووٹ ڈالنے آئے تھے۔ پرینکا گاندھی واڈرا اور ان کے بچوں نے بھی دہلی میں ووٹ ڈالا۔ ووٹنگ کے بعد، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے یقین ظاہر کیا کہ انڈیا اتحاد ان لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گا۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ موجودہ لوک سبھا انتخابات کے دوران ملک بھر میں بے روزگاری اور بڑھتی مہنگائی اہم ترین مسائل ہیں۔


اس دوران انہوں نے کہا کہ ہم اپنے باہمی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر ہندوستانی آئین اور جمہوریت کو ووٹ دے رہے ہیں۔ پرینکا کے بیٹے ریحان راجیو واڈرا نے ان انتخابات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ تمام نوجوانوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ آئین کو بچائیں اور مثبت تبدیلی کے لیے ووٹ دیں۔

لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے کی ووٹنگ ہفتہ کی صبح 7 بجے شروع ہوئی اور شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ چھٹے مرحلے میں دہلی کی تمام سات سیٹوں سمیت 58 پارلیمانی حلقوں میں ووٹنگ ہو رہی ہے۔ 8 ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ان 58 سیٹوں کے لیے 889 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔ 58 سیٹوں پر ووٹنگ کے لیے 1.14 لاکھ پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔


بی جے پی کے منوج تیواری، بنسوری سوراج، کمل جیت سہراوت، ہرش ملہوترا، یوگیندر چندولیا، رام بیر سنگھ بدھوڑی اور پروین کھنڈیلوال دہلی سے انتخاب لڑ رہے ہیں، جبکہ عام آدمی پارٹی اور کانگریس کی طرف سے کنہیا کمار، جئے پرکاش اگروال، مہابل مشرا، ادت راج، کلدیپ کمار، سہیرام اور سومناتھ بھارتی امیدوار ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔