لوک سبھا انتخابات: کوئی پوسٹر یا بینر نہیں لگایا جائے گا، نہ رشوت لوں گا اور نہ ہی دوں گا، نتن گڈکری کا بیان
گڈکری نے کہا کہ ’’میں نے فیصلہ کیا ہے کہ کوئی بینر یا پوسٹر نہیں لگایا جائے گا۔ نہ ہی لوگوں کو چائے پلائی جائے گی۔ جو ووٹ دینا چاہتے ہیں وہ ووٹ دیں گے اور جو نہیں دینا چاہتے وہ نہیں دیں گے‘‘
ممبئی: مہاراشٹر کے واشیم کا دورہ کرنے والے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات کے دوران اپنی مہم کے دوران کوئی پوسٹر یا بینر نہیں لگائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نہ تو رشوت دیں گے اور نہ ہی رشوت لیں گے، یہاں تک کہ کسی ووٹر کو چائے تک نہیں پلائیں گے۔
گڈکری نے کہا کہ ’’اس لوک سبھا الیکشن کے لیے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ کوئی بینر یا پوسٹر نہیں لگایا جائے گا۔ نہ ہی لوگوں کو چائے پلائی جائے گی۔ جو ووٹ دینا چاہتے ہیں وہ ووٹ دیں گے اور جو نہیں دینا چاہتے وہ نہیں دیں گے۔ میں نہ رشوت لوں گا اور نہ دوں گا!‘‘
سڑک کے معیار کے بارے میں گڈکری نے کہا کہ ’’میں نے ٹھیکیدار سے کہا ہے کہ اگر سڑک میں دراڑیں پڑ جائیں یا سڑک خراب ہو جائے تو میں ٹھیکیدار کو بلڈوزر کے سامنے کھڑا کر دوں گا۔ آج تک میں نے 50 لاکھ کروڑ روپے کا کام کیا ہے اور کبھی کسی ٹھیکیدار کی طرفداری نہیں کی۔ نہ کسی کو کرپشن کرنے دوں گا اور نہ خود کروں گا۔‘‘
قبل ازیں انہوں نے 24 جولائی 2023 کو انتخابات کے حوالے سے ایک قصہ سنایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ووٹر بہت ہوشیار ہے۔ وہ کھاتا سب کا ہے لیکن ووٹ صرف اسی کو دیتا ہے جسے اس نے ووٹ دینا ہے۔ گڈکری نے بتایا تھا کہ ایک بار انہوں نے لوگوں میں ایک ایک کلو مٹن تقسیم کیا تھا لیکن وہ پھر بھی الیکشن ہار گئے تھے کیونکہ ان کے بقول آج کا ووٹر بہت ہوشیات ہے!
انہوں نے کہا تھا کہ انتخابات کے دوران انتخابی مہم کے لیے بڑے بڑے ہورڈنگز لگائے جاتے ہیں لیکن اس سے الیکشن نہیں جیت سکتے۔ انتخابات کے دوران کسی قسم کی لالچ دکھانے کی بجائے عوام کے دلوں میں اعتماد اور محبت پیدا کریں۔ مرکزی وزیر نے مشورہ دیا تھا کہ انتخابی ہورڈنگ لگا کر یا مٹن پارٹیوں کا اہتمام کرنے سے کوئی الیکشن نہیں جیتا جا سکتا۔ عوام کا اعتماد جیتیں اور ان کے دل میں محبت پیدا کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔