لوک سبھا انتخاب: کانگریس نے متھرا سے مکیش دھنگر کو دیا ٹکٹ، سیتاپور سے امیدوار تبدیل
سیتاپور لوک سبھا سیٹ سے کانگریس نے نکل دوبے کو امیدوار بنایا تھا، لیکن اب ان کی جگہ راکیش راٹھوڑ کو انتخابی میدان میں اتارنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر کانگریس نے اپنے امیدواروں کی ایک نئی فہرست آج جاری کی۔ اس فہرست میں صرف دو ناموں کا تذکرہ ہے اور دونوں ہی کا تعلق اتر پردیش سے ہے۔ کانگریس نے جہاں متھرا سیٹ سے مکیش دھنگر کو امیدوار بنایا ہے، وہیں سیتاپور سیٹ سے اپنا امیدوار بدلا ہے۔ پہلے کانگریس نے سیتاپور لوک سبھا سیٹ سے نکل دوبے کو امیدوار بنایا تھا، لیکن اب راکیش راٹھوڑ کو انتخابی میدان میں اتارنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اتر پردیش میں کانگریس کا سماجوادی پارٹی کے ساتھ اتحاد ہے اور کانگریس اس ریاست میں 17 لوک سبھا سیٹوں پر امیدوار اتارنے والی ہے۔ اب تک 14 لوک سبھا سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان ہو چکا ہے، جبکہ امیٹھی، رائے بریلی اور پریاگ راج سیٹ پر امیدواروں کا اعلان ہونا باقی ہے۔
بہرحال، متھرا سیٹ پر کانگریس کے امیدوار مکیش دھنگر بی جے پی رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی کے سامنے انتخابی میدان میں ہوں گے۔ ہیما مالنی تیسری بار متھرا سیٹ سے انتخاب لڑ رہی ہیں۔ وہ 2014 اور 2019 میں اسی سیٹ سے بڑے فرق سے جیت حاصل کر چکی ہیں۔ دوسری طرف کانگریس امیدوار راکیش راٹھوڑ کا سیتاپور لوک سبھا سیٹ پر بی جے پی امیدوار راجیش ورما سے مقابلہ ہوگا۔ راجیش ورما بھی گزشتہ دو لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے ٹکٹ پر جیت درج کر چکے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔