لوک سبھا انتخاب 2024: دوسرے مرحلہ کے لیے انتخابی تشہیر ختم، راہل گاندھی سمیت کئی لیڈران کی قسمت کا فیصلہ 26 اپریل کو

لوک سبھا انتخاب کے لیے پہلے مرحلہ کے تحت 19 اپریل کو ووٹنگ ہو چکی ہے، اب دوسرے مرحلہ میں 26 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے جس میں راہل گاندھی، ہیما مالنی، ششی تھرور جیسے لیڈران کی سیٹ شامل ہے۔

<div class="paragraphs"><p>انتخابی تشہیر کا منظر</p></div>

انتخابی تشہیر کا منظر

user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا انتخاب کے دوسرے مرحلہ میں ملک بھر کی 88 سیٹوں پر 26 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ان سبھی سیٹوں کے لیے انتخابی تشہیر بدھ کی شام ختم ہو گئی۔ دوسرے مرحلہ کی اہم سیٹوں میں کیرالہ کی وائناڈ؛ بہار کی کشن گنج، کٹیہار، بھاگلپور، بانکا؛ چھتیس گڑھ کی راجناند گاؤں، مہاسمند و کانکیر، اور کرناٹک کی میسور و بنگلورو شامل ہیں۔

لوک سبھا انتخاب کے لیے پہلے مرحلے کی ووٹنگ کا عمل 19 اپریل کو انجام پا چکا ہے۔ اب دوسرے مرحلہ میں جو امیدوار اپنی قسمت آزمائی کر رہے ہیں ان میں راہل گاندھی، ارون گووِل، ہیما مالنی، ششی تھرور، مرکزی وزیر راجیو چندرشیکھر وغیرہ شامل ہیں۔ کیرالہ کی وائناڈ سیٹ سے سابق کانگریس صدر راہل گاندھی امیدوار ہیں۔ ہیما مالنی اتر پردیش کی متھرا سیٹ سے اور رامائن سیریل میں رام کا کردار نبھانے والے ارون گووِل میرٹھ سے بی جے پی امیدوار ہیں۔ مرکزی وزیر راجیو چندرشیکھر ترووننت پورم سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ یہاں ان کا مقابلہ کانگریس لیڈر ششی تھرور سے ہے۔ جموں لوک سبھا سیٹ پر بی جے پی کی طرف سے جگل کشور اور کانگریس کی طرف سے رمن بھلّا انتخابی میدان میں ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ دوسرے مرحلہ کی 88 لوک سبھا سیٹوں پر 1206 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ کیرالہ کی سبھی 20 لوک سبھا سیٹوں پر اسی مرحلہ میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 26 اپریل کو ہی کرناٹک کی 14 اور راجستھان کی 13 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹرس اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ دوسرے مرحلہ میں اتر پردیش کی 8 لوک سبھا سیٹوں گوتم بدھ نگر، غازی آباد، امروہہ، میرٹھ، باغپت، بلند شہر، علی گڑھ اور متھرا میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ دوسرے مرحلہ کی انتخابی تشہیر ختم ہونے کے بعد اب کوئی بھی پارٹی عوامی جلسہ یا ریلی کا انعقاد نہیں کر سکے گی، حالانکہ امیدوار اور ان کے اسٹار پرچارک گھر گھر جا کر ووٹ ضرور مانگ سکیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔