لوک سبھا انتخاب 2024: انڈیا بلاک کی میٹنگ میں سبھی پارٹیاں فتحیابی کو لے کر پُرامید، آئیے جانیں کس نے کیا کہا

کانگریس صدر کھڑگے کی رہائش پر منعقد میٹنگ میں سونیا گاندھی، اروند کیجریوال، چمپئی سورین، اکھلیش یادو، تیجسوی یادو، راہل گاندھی، سیتارام یچوری، فاروق عبداللہ، شرد پوار سمیت کئی لیڈران شامل ہوئے۔

<div class="paragraphs"><p>انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں کے لیڈران میٹنگ کے بعد، تصویر قومی آواز/ویپن</p></div>

انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں کے لیڈران میٹنگ کے بعد، تصویر قومی آواز/ویپن

user

قومی آوازبیورو

آج لوک سبھا انتخاب کے آخری مرحلے کی ووٹنگ بھی ختم ہو گئی۔ سبھی امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں قید ہو گیا اور 4 جون کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔ این ڈی اے اور انڈیا دونوں ہی اتحاد اپنی جیت کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ انڈیا اتحاد نے تو آئندہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال بھی شروع کر دیا ہے۔ آج سہ پہر انڈیا بلاک میں شامل پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران دہلی میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی رہائش پر جمع ہوئے اور ووٹ شماری کے دن کی تیاریوں اور لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔

اس میٹنگ میں کانگریس صدر کھڑگے کے علاوہ پارٹی کی طرف سے سونیا گاندھی، راہل گاندھی، کے سی وینوگوپال اور پرینکا گاندھی نے شرکت کی۔ میٹنگ میں شامل دیگر پارٹیوں کے لیڈران میں اکھلیش یادو (سماجوادی پارٹی)، رام گوپال یادو (سماجوادی پارٹی)، شرد پوار (این سی پی ایس پی)، اروند کیجریوال (عآپ)، بھگونت مان (عآپ)، سنجے سنگھ (عآپ)، راگھو چڈھا (عآپ)، ٹی آر بالو (ڈی ایم کے)، تیجسوی یادو (آر جے ڈی)، چمپئی سورین (جے ایم ایم)، کلپنا سورین (جے ایم ایم)، فاروق عبداللہ (جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس)، ڈی راجہ (سی پی آئی)، سیتارام یچوری (سی پی آئی ایم)، انل دیسائی (شیوسینا یو بی ٹی)، دیپانکر بھٹاچاریہ سی پی آئی (ایم ایل)، مکیش سہنی (وی آئی پی) وغیرہ شامل ہیں۔


اس میٹنگ کے بعد انڈیا اتحاد کے لیڈروں نے ایک پریس کانفرنس بھی کیا جس میں کانگریس صدر کھڑگے نے میٹنگ کے مقاصد میڈیا کے سامنے رکھے۔ اس موقع پر کئی دیگر لیڈران نے بھی اپنی باتیں میڈیا کے سامنے رکھیں۔ نیچے پیش ہیں کچھ لیڈروں کے بیانات…

ملکارجن کھڑگے:

عوام سے جو نمبر ملے ہیں، اس کے مطابق انڈیا اتحاد 295 سے زیادہ سیٹیں حاصل کر رہا ہے۔ سبھی پارٹیوں سے پوچھنے کے بعد اس نمبر کا اندازہ لگایا گیا ہے۔’سرکاری سروے‘ میں نمبرس اوپر نیچے کر دیے جاتے ہیں، لیکن جو نمبر (295) ہمارے پاس ہے وہ عوام کا سروے ہے۔


اروند کیجریوال:

چاروں طرف سے فیڈ بیک لینے کے بعد۔ سبھی پارٹیوں سے، لیڈران سے، عوام سے فیڈ بیک لینے کے بعد یہ نتیجہ سامنے آیا ہے کہ انڈیا بلاک کو 295 سے زیادہ سیٹیں مل رہی ہیں۔ بی جے پی کو 220 کے قریب سیٹیں مل رہی ہیں اور این ڈی اے کو 235 کے قریب سیٹیں مل رہی ہیں۔ انڈیا اتحاد اپنی طاقت پر مستحکم اور مضبوط حکومت بنانے کی طرف آگے بڑھ رہا ہے۔

چمپئی سورین:

لوک سبھا انتخاب کو لے کر میٹنگ ہم لوگوں نے کی۔ جہاں تک جھارکھنڈ کا سوال ہے، یہاں انڈیا اتحاد بہترین کارکردگی کرنے جا رہی ہے۔ جھارکھنڈ میں 10 سے زیادہ سیٹیں انڈیا اتحاد کو ملیں گی۔ مجموعی طور پر انڈیا اتحاد کو 295 سیٹیں ملیں گی۔


تیجسوی یادو:

عوام جیت رہی ہے، انڈیا اتحاد فتحیاب ہو رہا ہے۔ ہم لوگ تو پہلے سے ہی کہتے آ رہے ہیں کہ 295 سے زیادہ سیٹیں ملیں گی۔

اکھلیش یادو:

انڈیا اتحاد کی حکومت بننے جا رہی ہے۔ وہ (پی ایم مودی) سمندر (کنیاکماری) دیکھنے چلے گئے، عوام کی طرف پیٹھ ہے۔ اور عوام بھی ان کے خلاف کھڑی ہو گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔