لوک سبھا انتخابات 2024: جھارکھنڈ کے 92 سالہ خلیل انصاری پہلی مرتبہ ڈالیں گے ووٹ!

جھارکھنڈ میں صاحب گنج ضلع کے 92 سالہ خلیل انصاری اپنی زندگی میں پہلی مرتبہ ملک کی 18 ویں لوک سبھا کے لیے ہو رہے انتخابات میں حق رائے دہی کا استعمال کریں گے

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

رانچی: جھارکھنڈ میں صاحب گنج ضلع کے 92 سالہ خلیل انصاری اپنی زندگی میں پہلی مرتبہ ملک کی 18 ویں لوک سبھا کے لیے ہو رہے انتخابات میں حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ ان کا نام ابھی تک ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہو پایا تھا۔ تاہم جھارکھنڈ کے چیف الیکٹورل آفیسر کے روی کمار کی ہدایت پر ان کا نام ووٹر لسٹ میں شامل کیا جا رہا ہے۔

دراصل، چیف الیکٹورل آفیسر جمعہ کو صاحب گنج کے منڈرو بلاک کے دور افتادہ علاقہ میں واقع پولنگ مرکز کا اچانک جائزہ لینے پہنچے تھے۔ انہوں نے گاؤں میں جا کر عمر رسیدہ اور معذور ووٹروں سے ملاقات کی۔ دریں اثنا، بڑکھوری گاؤں کے رہائشی 92 سالہ خلیل انصاری سے گفتگو کے دوران معلوم ہوا کہ ان کا نام آج تک ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہو پایا ہے۔ خلیل انصاری معذور شخص ہیں۔


انہوں نے چیف الیکٹورل آفیسر کو بتایا کہ ماضی میں وہ بہار کے پرنیہ میں رہتے تھے لیکن اب بڑکھوری میں رہ رہے ہیں۔ بیدار نہ ہونے کی وجہ سے ان کا نام کبھی ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہوا پایا۔ اس پر متعلقہ اہلکاروں کو ہدایت کی گئی کہ خلیل انصاری کا نام ووٹر لسٹ میں شامل کرنے کے لیے فارم بھرواکر فوری طور پر عمل پورا کیا جائے۔

چیف الیکٹورل آفیسر نے جمعہ کو منڈرو بلاک میں تقریباً دس پولنگ مراکز کا دورہ کیا اور وہاں دستیاب کم از کم سہولیات کا جائزہ لیا۔ وہ کئی پولنگ مراکز کا معائنہ کرنے کے لیے پیدل ہی چل کر گئے۔ دریں اثنا، انہوں نے عمر رسیدہ ووٹروں سے ملاقات کی اور ان سے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے لیے بیدار رہنے کی اپیل کی۔


انہوں نے پولنگ مرکز پر بیداری گروپ کے ارکان کی فہرست اور ووٹروں کی فہرست کا بھی معائنہ کیا۔ نئے ووٹروں کے نام جوڑنے سے متعلق فارم 6 جمع کر کے نام جوڑنے کے عمل کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ دریں اثنا، انہوں نے تمام پولنگ مراکز پر صاف بیت الخلاء اور اس میں بہتے پانی کا انتظام کرنے کے علاوہ صاف پینے کا پانی بھی مہیا کرانے کی ہدایت دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔