لوک سبھا انتخاب 2019: کانگریس کی تیسری فہرست بھی جاری، 18 نام شامل
کانگریس نے لوک سبھا انتخاب کے لیے امیدواروں کی تیسری فہرست جاری کر دی ہے۔ پہلی فہرست میں جہاں پارٹی نے 15 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا وہیں دوسری فہرست میں 21 نام شامل کیے گئے تھے۔
کانگریس نے لوک سبھا انتخابات کے لیے امیدواروں کی تیسری فہرست جمعہ کی دیر رات جاری کی۔ اس میں چھ ریاستوں سے 18 امیدواروں کے نام ہیں۔ آسام کے سلچر سے رکن پارلیمنٹ اور مہیلا کانگریس کی قومی صدر سشمتا دیو کو یہاں سے دوبارہ ٹکٹ دیا گیا ہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر پی ایل پونیا کے بیٹے تنوج سنگما کو تورا سے اور آسام کے سابق وزیر اعلیٰ ترون گگوئی کے بیٹے گورو کو کالیابور سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ پارٹی جنرل سکریٹری مکل واسنک کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اتر پردیش کی بارہ بنکی، آسام کی پانچ، تلنگانہ کی آٹھ، میگھالیہ کی دو اور سکم و ناگالینڈ کی ایک ایک سیٹوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس سے قبل کانگریس کی پہلی فہرست 7 مارچ کو جاری کی گئی تھی جس میں گجرات اور اتر پردیش کی کئی لوک سبھا سیٹوں کے امیدواروں کے نام سامنے آئے تھے۔ اس فہرست میں جن ناموں کا اعلان کیا گیا تھا ان میں پارٹی کے قومی صدر راہل گاندھی اور یو پی اے کی چیئرپرسن سونیا گاندھی کا نام بھی شامل تھا۔
کانگریس کی دوسری فہرست 13 مارچ کو جاری ہوئی تھی جس میں 21 نام شامل کیے گئے تھے۔ اس فہرست میں اتر پردیش کی 16 سیٹوں اور مہاراشٹر کی 5 سیٹوں سے پارٹی امیدواروں کے نام کا اعلان کیا گیا تھا۔ پارٹی نے اتر پردیش کی مراد آباد سیٹ سے ریاستی کانگریس صدر راج ببر اور سابق وزیر داخلہ سشیل کمار شندے کو مہاراشٹر کے شولا پور سے میدان میں اتارا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ انتخابی کمیشن نے لوک سبھا اور چار ریاستوں (آندھرا پردیش، اروناچل پردیش، اڈیشہ اور سکم) میں اسمبلی انتخابات کے مکمل پروگرام کا اعلان 10 مارچ کو کر دیا۔ اس کے مطابق 11 اپریل سے 19 مئی تک سات مراحل میں ووٹنگ ہوگی۔ پہلے مرحلہ کی ووٹنگ 11 اپریل کو، دوسرے مرحلہ کے لیے 18 اپریل، تیسرے مرحل کے لیے 23 اپریل، چوتھے مرحلہ کے لیے 29 اپریل، پانچویں مرحلہ کے لیے 6 مئی، چھٹے مرحلہ کے لیے 12 مئی اور ساتویں مرحلہ کے لیے ووٹنگ 19 مئی کو ہوگی۔ نتائج 23 مئی کو آئیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔