لوک سبھا الیکشن 2024: کانگریس نے پنجاب میں 4 امیدواروں کا کیا اعلان، ریاست کی 13 میں سے 12 سیٹوں کے امیدوار طے
پنجاب کانگریس کے صدر امریندر سنگھ براڑ (راجا ورنگ) لدھیانہ لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ ان کا مقابلہ کانگریس سے بی جے پی میں شامل ہونے والے رونیت سنگھ بٹو سے ہوگا۔
کانگریس نے لوک سبھا انتخابات کے لیے پنجاب میں چار سیٹوں پر آج (29 اپریل) اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ پارٹی نے راجستھان کانگریس کے انچارج سکھجندر سنگھ رندھاوا کو گورداسپور سے اور پنجاب کانگریس کے صدر امریندر سنگھ برار (راجا ورنگ) کو لدھیانہ سے ٹکٹ دیا ہے۔ کانگریس نے کھڈور صاحب سے کلبیر سنگھ زیرا اور آنند پور صاحب سے وجے اندر سنگلا کو میدان میں اتارا ہے۔
اس سے قبل 14 اپریل کو کانگریس نے چھ امیدواروں کی فہرست جاری کی تھی۔ پارٹی نے جالندھر سے سابق وزیر اعلی چرنجیت سنگھ چنی، سنگرور سے سکھ پال سنگھ کھیرا، امرتسر سے گرجیت سنگھ اوجلا اور فتح گڑھ صاحب سے امر سنگھ کو ٹکٹ دیا تھا۔ان کے علاوہ ڈاکٹر دھرم ویر گاندھی کو پٹیالہ اور جیت مہندر سنگھ سدھو کو بھٹنڈہ سے امیدوار بنایا تھا۔
اس کے بعد 22 اپریل کو کانگریس نے 2 امیدواروں کی فہرست جاری کی تھی۔ پارٹی نے ہوشیار پور سیٹ سے یامینی گومر اور فرید کوٹ سیٹ سے امرجیت کور ساہوکے کو ٹکٹ دیا تھا۔ پنجاب میں لوک سبھا کی کل 13 سیٹیں ہیں۔ آج کے 6 امیدواروں کے ساتھ کانگریس نے اب تک 12 سیٹوں کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی نے ابھی تک فیروز پور لوک سبھا سیٹ سے امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے۔ واضح رہے کہ ریاست میں کانگریس تنہا الیکشن لڑ رہی ہے۔ اس کا مقابلہ عام آدمی پارٹی، بی جے پی اور اکالی دل سے ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔