عام انتخابات 2019: انل امبانی کے چوکیدار ہیں مودی جی، راہل گاندھی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

07 May 2019, 6:10 PM

انل امبانی کے چوکیدار ہیں مودی جی، راہل گاندھی

راہل گاندھی نے چائباسا کے ٹاٹا کالج میدان میں مہا گٹھ بندھن امیدوار گیتا کوڑا اور چمپئی سورین کی حمایت میں منعقدہ ایک انتخابی ریلی کو خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ خودکو ملک کا چوکیدار کہنے والے غریب کسانوں کے گھروں کے باہر نہیں ملتے، لیکن وہ ارب پتیوں کے گھر کے باہر آسانی سے مل جاتے ہیں۔

کانگریس صدر نے کہاکہ ” مودی جی انل امبانی کے چوکیدار ہیں۔ انل امبانی کے گھر کے باہر چوکیداری کرنے والے 15-20 لوگوں کی ایک لائن ہے ۔ ” انہوں نے الزام عائد کیا کہ مودی جی نے لوگوں کی جیب سے روپے نکال کر اسے امبانی ، نیرو مودی اور میہول چوکسی جیسے چوکیداروں کو دیئے۔

07 May 2019, 4:09 PM

الیکشن کمیشن نے منیش سسودیا کو بھیجا نوٹس

عام آدمی پارٹی کی امیدوار آتشی کے مذہب سے متعلق کیے گئے ٹوئٹ پر انتخابی کمیشن نے دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو نوٹس جاری کیا ہے۔ سسودیا پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام عائد ہوا ہے۔

07 May 2019, 3:09 PM

شہیدوں کے نام پر ووٹ مانگتے ہیں، کام کی بات نہیں کرتے: پرینکا گاندھی

ہریانہ کے انبالہ میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’انتخابی تشہیر میں بی جے پی کے لیڈر کبھی یہ نہیں کہتے کہ انھوں نے جو وعدے کیے تھے وہ پورے کیے یا نہیں۔ کبھی شہیدوں کے نام پر ووٹ مانگتے ہیں تو کبھی میری فیملی کے شہید اشخاص کی بے عزتی کرتے ہیں۔‘‘


07 May 2019, 2:06 PM

ملک کے کسانوں اور غریبوں کی جیب سے مودی جی نے پیسہ نکال لیا: راہل گاندھی

جھارکھنڈ کے چائباسہ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے کئی ایشوز پر مرکز کی مودی حکومت کو گھیرا۔ انھوں نے تقریب میں موجود لوگوں سے کہا کہ ’’اپنی جیب میں ہاتھ ڈالیے، بٹوا کھولیے، آپ کو پتہ لگ جائے گا کہ آپ کے بٹوے میں سے پیسہ مودی جی نے نکال لیا ہے۔ قبائلی بھائیوں-بہنوں اپنے جنگل، پانی اور زمین کو دیکھیے۔ آپ کو پتہ لگے گا کہ انل امبانی کو مودی جی نے آپ کا جل، جنگل اور زمین دے دیا ہے۔‘‘

07 May 2019, 1:09 PM

’ائیر اسٹرائیک‘ کا نام لینے کے باوجود الیکشن کمیشن نے پی ایم مودی کو دی ’کلین چٹ‘

بالاکوٹ ائیر اسٹرائیک کے نام پر ووٹ مانگنے کے معاملے میں انتخابی کمیشن نے پی ایم مودی کو کلین چٹ دے دی ہے۔ یہ خبر نیوز ایجنسی اے این آئی نے ذرائع کے حوالے سے دی ہے۔ ایک انتخابی جلسہ کے دوران بالاکوٹ ائیر اسٹرائیک کے نام پر وزیر اعظم مودی پر ووٹ مانگنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔


07 May 2019, 12:09 PM

مدھیہ پردیش: سادھو-سَنتوں نے دیا نیا نعرہ ’رام مندر نہیں تو مودی نہیں‘

مدھیہ پردیش میں سادھو-سَنتوں نے بی جے پی کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔ بی جے پی حکومت میں وزیر رہ چکے کمپیوٹر بابا نے ہزاروں سادھو-سَنتوں کے ساتھ کانگریس امیدوار دگ وجے سنگھ کے حق میں اور بی جے پی کے خلاف مہم شروع کر دی ہے۔ کمپیوٹر بابا کا کہنا ہے کہ ’’بی جے پی حکومت 5 سال میں رام مندر بھی نہیں بنا پائی۔ اب رام مندر نہیں تو مودی نہیں۔‘‘

07 May 2019, 10:10 AM

بہار: مظفر پور کے ایک ہوٹل سے ای وی ایم برآمد

بہار کے مظفر پور کے ایک ہوٹل سے ای وی ایم برآمد ہوئی ہے۔ خبروں کے مطابق مظفر پور شہر کے بوتھ نمبر 180 کے پاس ایک ہوٹل سے کچھ لوگ ای وی ایم لے کر نکل رہے تھے جس کی خبر مقامی لوگوں نے پولس کو دی۔

اس سلسلے میں ڈی ایم کا کہنا ہے کہ سیکٹر افسر کو کچھ ای وی ایم رکھنے کے لیے دی گئی تھیں تاکہ اگر کہیں مشینیں خراب ہوں تو بدلی جا سکیں۔ انھوں نے بتایا کہ ای وی ایم بدلنے کے بعد دو بیلیٹنگ یونٹ، ایک کنٹرول یونٹ اور دو وی وی پیٹ کار میں چھوٹ گئی تھی۔


07 May 2019, 9:09 AM

ممتا نے پی ایم مودی سے پوچھا چبھتا ہوا سوال ’کیا اب تک ایک بھی رام مندر بنایا‘

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پی ایم مودی سے ایک انتہائی چبھتا ہوا سوال پوچھا ہے۔ وشنو پور میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’بی جے پی بابو، آپ کہتے ہیں کہ جے شری رام، مگر کیا آپ نے اب تک ایک بھی رام مندر بنایا؟ الیکشن کے وقت میں رام چندر آپ کی پارٹی کے ایجنٹ بن جاتے ہیں، آپ کہتے ہیں کہ رام چندر میرے پارٹی کے الیکشن ایجنٹ ہیں۔ آپ جے شری رام کہتے ہیں اور دوسروں کو بھی زبردست بولنے کو کہتے ہیں۔‘‘

قابل غور ہے کہ ایک انتخابی ریلی میں پی ایم مودی نے ممتا بنرجی پر حملہ کیا تھا اور انھوں نے کہا تھا کہ دیدی جے شری رام کہنے والوں کو جیل میں ڈلوا رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔