عام انتخابات: جھارکھنڈ میں نکسلی حملہ، بی جے پی کا انتخابی دفتر دھماکے سے اڑا
جھارکھنڈ میں نکسلی حملہ، بی جے پی کا انتخابی دفتر دھماکے سے اڑا
سرائے کیلا: جھارکھنڈ میں کھونٹی پارلیمانی حلقہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار اور سابق وزیراعلیٰ ارجن منڈا کا کھرسانواں تھانہ علاقہ کے کچائی روڈ واقع انتخابی دفتر کو نکسلیوں نے بم دھماکے سے اڑا دیا ہے۔
پولس سپرنٹنڈنٹ چندن کمار نے یہاں بتایاکہ چار کی تعداد میں آئے مشتبہ نکسلیوں نے کل درمیانی شب کو مسٹر منڈا کے انتخابی دفتر میں سورہے چار ڈرائیوروں کو باہر نکلنے کو کہا ۔ اس کے بعد آئی ای ڈی بم دھماکہ کر دیا۔جس میں دفتر کے پیچھے کی دیوار منہدم ہو گئی۔
وہیں پولس ذرائع نے دعویٰ کیا کہ جائے واقعہ سے 100 میٹر تار اور ڈیٹونیٹر کے ساتھ ہی نکسلیوں کے پمفلٹ بھی برآمدکئے گئے ہیں۔ اس علاقے میں سرچ مہم شروع کی گئی ہے۔
لکھنؤ: سوناکشی سنہا نے اپنی ماں پونم سنہا کے لیے کی انتخابی تشہیر
بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا آج لکھنؤ میں اپنی ماں پونم سنہا کے لیے انتخابی تشہیر کرتی ہوئی نظر آئیں۔ سماجوادی پارٹی کی طرف سے لکھنؤ پارلیمانی حلقہ کی امیدوار پونم سنہا کی ریلی میں پارٹی سربراہ اکھلیش یادو کی بیوی ڈمپل یادو بھی موجود تھیں۔
یوگی آدتیہ ناتھ کو کوئی بھی بیان ذمہ داری کے ساتھ دینی چاہیے: رینوکا چودھری
کانگریس کی سینئر لیڈر رینوکا چودھری نے الیکشن کمیشن کے ذریعہ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو نوٹس بھیجے جانے پر اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے یوگی کے ذریعہ ایک تقریر میں ’بابر کی اولاد‘ لفظ کے استعمال کو درست نہیں ٹھہرایا اور کہا کہ یوگی جی کو چاہیے کہ وہ کوئی بھی بیان ذمہ داری کے ساتھ دیں کیونکہ وہ ایک وزیر اعلیٰ ہیں۔
اترپردیش کے بریلی میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’آج یو پی میں کسانوں کی کیا حالت ہے؟ اپنے آپ کو ملک کا چوکیدار کہنے والے نے کسانوں کو کھیت میں بٹھا دیا ہے چوکیداری کرنے کے لیے۔ صرف وعدے پر وعدے، جھوٹ پر جھوٹ بولا جا رہا ہے۔ صرف تشہیر ہو رہی ہے اور سچائی اس سے بالکل الگ ہے۔‘‘
جموں و کشمیر: شوپیاں میں تصادم، ایک ملی ٹینٹ ہلاک
جموں و کشمیر کے شوپیاں میں سیکورٹی اہلکار اور ملی ٹینٹس کے درمیان تصادم کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ اس تصادم میں ایک ملی ٹینٹ کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔ خبروں کے مطابق سیکورٹی دستہ کے ذریعہ سرچ آپریشن جاری ہے۔
’بابر کی اولاد‘ والے بیان پر یوگی کو الیکشن کمیشن نے بھیجا نوٹس
اتر پردیش کے سنبھل میں 19 اپریل کو دیے گئے ایک بیان پر ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بری طرح پھنس گئے ہیں۔ سنبھل میں ایک جلسہ عام سے خطاب کے دوران انھوں نے اپنی تقریر میں ’بابر کی اولاد‘ لفظ کا استعمال کیا تھا جس پر الیکشن کمیشن نے انھیں نوٹس جاری کر دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنا جواب 24 گھنٹے کے اندر داخل کریں۔ یوگی آدتیہ ناتھ کو یہ نوٹس الیکشن کمیشن نے 2 مئی کو جاری کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔