عام انتخابات LIVE: کیجریوال نے ٹکٹ کے بدلے لیے 6 کروڑ روپے، عآپ امیدوار کے بیٹے کا الزام

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

11 May 2019, 4:09 PM

عآپ امیدوار کے بیٹے نے کیجریوال پر لگایا سنگین الزام، کہا ’ٹکٹ کے بدلے لیے 6 کروڑ روپے‘

مغربی دہلی سے عام آدمی پارٹی (عآپ) امیدوار بلبیر سنگھ جاکھڑ کے بیٹے اودے جاکھڑ نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال پر سنسنی خیز الزام لگایا ہے۔ اودے نے دعویٰ کیا کہ ان کے والد بلبیر سنگھ جاکھڑ نے عآپ کے کنوینر اروند کیجریوال کو لوک سبھا الیکشن کا ٹکٹ دینے کے بدلے 6 کروڑ روپے دیے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’میرے پاس اس کا ثبوت موجود ہے۔‘‘

11 May 2019, 3:10 PM

ووٹر اب جملے بازوں کے بہکاوے میں نہیں آنے والے: سنگھ

کشی نگر: کانگریس کے سینئر لیڈر و سابق مرکزی وزیر آر پی این سنگھ نے بی جے پی عوام سے سابق میں کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ عوام اب جملے بازوں کے بہکاوے میں نہیں آنے والے ہیں۔

آر پی این سنگھ نے سنیچر کو یہاں ہاٹا اسمبلی حلقے کے دیوراڈ گاؤں میں منعقد انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی عوام وزیر اعظم نریندر مودی کی جملے بازی سے اچھی طرح سےواقف ہیں اب وہ مودی جی کے بہکاوے میں نہیں آنے والے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ لوک سبھا انتخابا ت میں مودی نے پڈرونہ میں انتخابی ریلی میں کہا تھا کہ مرکز میں بی جے پی کی حکومت بننے پر سو دنوں میں بند چینی مل چالو ہوجائےگی لیکن پانچ سال گذر جانے کے بعدبھی چینی مل نہیں چل سکی۔

سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ یو پی اے حکومت کے دوران کپتان گنج۔تھاوے ریلوے روٹ کو بہتر کرایا گیا تھا لیکن کچھ ماہ کے بعد اقتدار میں آنے والی بی جے پی حکومت اس روٹ پر ایک جوڑی سواری گاڑی تک نہیں چلا سکی۔ انہوں نے لوگوں سے سوال کیا کہ کیا یہی اچھے دن ہیں؟

11 May 2019, 2:10 PM

مودی جی اس ’دلہن‘ کی طرح جو روٹیاں کم بیلتی ہے، چوڑیاں زیادہ کھنکاتی ہے: نوجوت سنگھ سدھو

دلچسپ بیانوں کے لیے مشہور کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو نے ایک بار پھر پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دلچسپ بیان دیا ہے۔ انھوں نے مدھیہ پردیش کے اندور میں کہا کہ ’’مودی جی اس دلہن کی طرح ہیں جو روٹی کم بیلتی ہے اور چوڑیاں زیادہ کھنکاتی ہے تاکہ محلے والوں کو یہ پتہ چلے کہ وہ کام کر رہی ہے۔ بس یہی ہوا ہے مودی سرکار میں۔‘‘ ساتھ ہی نوجوت سدھو نے پی ایم مودی کو ’جھوٹوں کا سردار‘ بھی کہا۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں پی ایم مودی کو ’لایر اِن چیف، ڈیوائیڈر اِن چیف اور امبانی و اڈانی کا بزنس منیجر مانتا ہوں۔‘‘


11 May 2019, 12:36 PM

بی جے پی کبھی مودی-شاہ کی پارٹی نہیں بن سکتی: نتن گڈکری

لوک سبھا انتخابات کے درمیان مرکز کی مودی حکومت میں وزیر نتن گڈکری کا ایک ایسا بیان آیا ہے جو پی ایم مودی اور بی جے پی قومی صدر امت شاہ کے چاہنے والوں کو ناراض کر سکتا ہے۔ نتن گڈکری کا کہنا ہے کہ بی جے پی کسی خاص شخص کی پارٹی نہیں بن سکتی کیونکہ یہ پارٹی نظریات پر مبنی ہے۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’یہ پارٹی نہ کبھی صرف اٹل جی کی بنی، نہ کبھی اڈوانی جی کی بنی اور نہ ہی یہ کبھی صرف امت شاہ یا نریندر مودی کی پارٹی بن سکتی ہے۔ بی جے پی نظریات پر مبنی پارٹی ہے اور یہ کہنا غلط ہے کہ بی جے پی مودی پر مرکوز ہو گئی ہے۔‘‘

11 May 2019, 11:12 AM

اتر پردیش: یوگی حکومت پر نتن گڈکری کا حیران کن حملہ، کہا ’یو پی کی بسوں میں ہارن کے علاوہ سب بجتا ہے‘

اتر پردیش میں یوگی حکومت ایک طرف ترقی اور اچھے کاموں کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے اور دوسری طرف مودی کابینہ کے ایک بڑے وزیر نے ان کے خلاف ہی حملہ بول دیا ہے۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری نے بلیا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جو کچھ کہا اس سے لوگ حیران ہیں۔ انھوں نے یوگی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہاں کی بسوں میں ہارن کے علاوہ سب کچھ بجتا ہے۔‘‘


11 May 2019, 9:07 AM

مغربی بنگال: 2 بوتھوں پر دوبارہ ہوگی پولنگ، 12 مئی کی تاریخ مقرر

مغربی بنگال کے بیرک پور میں ووٹنگ مرکز 116 اور آرام باغ لوک سبھا حلقہ میں ووٹنگ مرکز 110 پر ہوئی پولنگ کو انتخابی کمیشن نے رَد قرار دے دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے 12 مئی کو دونوں بوتھوں پر دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم جاری کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔