عام انتخابات 2019: مودی کو واپس لانے کی غلطی نہیں کریں گے عوام، یشونت سنہا

سابق مرکزی وزیر خزانہ یشونت سنہا نے آج کہا کہ ملک کے عوام بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے پانچ سالوں کی مدت دیکھ چکی ہے اور اب وہ موجودہ حکومت کی واپسی نہیں ہونے دیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

10 May 2019, 10:10 PM

مودی کو واپس لانے کی غلطی نہیں کریں گے ملک کے عوام: یشونت سنہا

بھوپال: سابق مرکزی وزیر خزانہ یشونت سنہا نے آج کہا کہ ملک کے عوام بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے پانچ سالوں کی مدت دیکھ چکی ہے اور اب وہ موجودہ حکومت کی واپسی نہیں ہونے دیں گے۔

یشونت سنہا نے یہاں صحافیوں سے کہا کہ اگر موجودہ حکومت کی دوبارہ واپسی ہو گئی، تو یہ ملک کے لئے ٹھیک نہیں ہو گا۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ ایسا ہونے کا امکان ان کو قطعی نظر نہیں آتا۔

سنہا نے موجودہ مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کی بھی تنقید کی۔ انہوں نے وزیر اعظم مسٹر مودی پر فوج کے نام کا استعمال کر نے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ملک کے عوام سب دیکھ اور سمجھ چکے ہیں۔

10 May 2019, 8:10 PM

بہار میں لوک سبھا کے آٹھ حلقوں میں تشہیر ی مہم ختم

پٹنہ: بہار کی چالیس میں سے آٹھ پارلیمانی سیٹوں پر چھٹے مرحلہ میں بارہ مئی کو ہونے والی ووٹنگ کیلئے آج شام چھ بجے تشہیر ی مہم ختم ہو گئی اور اب امیدوار عوامی رابطہ کے ذریعہ ووٹ جٹانے میں لگے ہوئے ہیں۔

سترہویں لوک سبھا انتخاب (2019) کے لئے چھٹے مرحلہ میں جن آٹھ پارلیمانی حلقوںمیں اتوار کو ووٹنگ ہونا ہے ان میں والمیکی نگر ، مغربی چمپارن ، مشرقی چمپارن ، شیو ہر ، ویشالی ، گوپال گنج ( محفوظ ) ، سیوان اور مہاراج گنج شامل ہیں۔ ان حلقوںمیں 1.38 کروڑ ووٹر بارہ مئی کو صبح سات بجے سے شام چھ بجے تک ووٹنگ کر کے 127 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریںگے ۔ والمیکی نگرنگر کے والمیکی نگر اور رام نگر اور ویشالی کے مینا پور ، پارو اور صاحب گنج میں ووٹنگ صبح سات بجے سے شام چار بجے تک ہوگی ۔ ویشالی اور مشرقی چمپارن میں سب سے زیادہ 22-22 اور مغربی چمپارن میں سب سے کم نو امیدوار انتخابی میدان میںہیں۔

ان آٹھ پارلیمانی حلقوں سے قسمت آزمارہے قدر آور لیڈران میں بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے سنیئر لیڈراور مرکزی وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ ، راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی کے سنیئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر رگھو نش پرساد سنگھ ، حکومت بہار کے سابق وزیر اور موجودہ ایم پی جناردن سنگھ سگریوال اور دبنگ لیڈر محمد شہاب الدین کی اہلیہ حناشہاب شامل ہیں۔

10 May 2019, 4:08 PM

نریندر مودی نے اپنے گرو اڈوانی جی کو دو تھپّڑ مارے: راہل گاندھی

ہماچل پردیش کے اونا میں کانگریس صدر راہل گاندھی نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی پر زوردار حملہ بولا۔ کانگریس صدر نے لوک سبھا الیکشن کا تذکرہ کرتے ہوئے پی ایم مودی پر طنز کسا۔ انھوں نے کہا کہ کبڈی کا میچ چل رہا ہے، ایک طرف کانگریس کی ٹیم اور دوسری طرف نریندر مودی کی ٹیم۔ راہل گاندھی نے کہا کہ میں یہاں اور ویربھدر جی کو لے کر آیا کیونکہ وہ گرو کی طرح ہیں۔ ہماچل پ ردیش میں کئی بار وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں۔ وہیں دوسری طرف نریندر مودی کی ٹیم ہے۔ کبڈی کا میچ چل رہا تھا، نریندر مودی جی نے اپنے ہی کوچ اڈوانی جی کو دو چانٹے مارے اور بولے کہ اب تمھاری کوئی ضرورت نہیں ہے۔


10 May 2019, 3:09 PM

بی جے پی امیدوار گمبھیر کی شکایت لے کر عآپ امیدوار آتشی خاتون پہنچیں

مشرقی دہلی سے بی جے پی امیدوار گوتم گمبھیر پر ہتک آمیز پرچہ تقسیم کرنے کا الزام لگانے والی عام آدمی پارٹی لیڈر آتشی مرلینا نے اس معاملے میں دہلی خاتون کمیشن سے شکایت کی ہے۔ انھوں نے آگے کہا کہ جلد ہی اس کی شکایت انتخابی کمیشن اور دہلی پولس سے کریں گی۔

10 May 2019, 1:04 PM

مغربی بنگال: بی جے پی امیدوار بھارتی گھوش کی کار سے نقدی برآمد، حراست میں لے کر ہوئی پوچھ تاچھ

مغربی بنگال کے مغربی میدنی پور ضلع کے کھڑگ پور تحصیل کے پنگلا میں جمعرات کی شب ناکہ بندی کے دوران لی گئی تلاشی کے دوران بی جے پی امیدوار بھارتی گھوش کی کار سے ایک لاکھ 13 ہزار روپے کی نقدی برآمد کی گئی ہے۔ اس کے بعد پولس نے بھارتی گھوش کو 4 گھنٹے تک حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی۔ فی الحال پولس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔


10 May 2019, 12:05 PM

بحریہ کے جنگی جہاز ’سمترا‘ پر اکشے کمار کو اپنے ساتھ لے گئے تھے پی ایم مودی: کانگریس

عام انتخابات کے دوران لیڈروں کا اپنے مخالفین کے خلاف حملہ بولنا اور ان پر الزامات عائد کرنے کا سلسلہ تیز تر ہوتا جا رہا ہے۔ پی ایم مودی نے جہاں راجیو گاندھی کے آئی این ایس وراٹ پر فیملی کے ساتھ چھٹی منانے کا جھوٹ بولا، وہیں اب ایک ایسی بات سامنے آئی ہے جو انھیں کٹہرے میں کھڑا کر رہی ہے۔ دراصل کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستانی بحریہ کے جنگی جہاز ’سمترا‘ پر اداکار اور کناڈائی شہری اکشے کمار کو پی ایم مودی اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ کانگریس کی سوشل میڈیا ٹیم سے منسلک دویا اسپندنا نے ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیر اعظم کو ٹیگ کیا ہے اور پوچھا ہے کہ ’’یہ ٹھیک تھا؟ آپ کناڈائی شہری اکشے کمار کو اپنے ساتھ آئی این ایس سمترا پر لے گئے۔‘‘ اسپندنا نے ہیش ٹیگ کے ساتھ یہ بھی لکھا ہے کہ ’’سب سے بڑا جھوٹا مودی‘‘۔

10 May 2019, 11:02 AM

پی ایم مودی کو ’ٹائم‘ میگزین نے بتایا ہندوستان کو تقسیم کرنے والا شخص

لوک سبھا الیکشن کے درمیان امریکہ کی مشہور میگزین ’ٹائم‘ نے پی ایم مودی کو ہندوستان کو تقسیم کرنے والا شخص قرار دیا ہے۔ میگزین نے پی ایم مودی کی تصویر صفحہ اول پر شائع کی ہے اور لکھا ہے ’انڈیاز ڈیوائیڈر اِن چیف‘۔ میگزین میں بتایا گیا ہے کہ پی ایم مودی نے اپنے دور میں ماحول میں فرقہ واریت کا زہر گھولنے کی کوشش کی ہے۔ اس میگزین کا اجراء 20 مئی 2019 کو ہوگا۔ اس سے قبل ٹائم نے اپنی ویب سائٹ پر اس رپورٹ کو شائع کیا ہے۔

میگزین نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ پی ایم مودی نے اپنے دور اقتدار میں ماحول میں فرقہ واریت کا زہر گھولنے کی کوشش کی۔ ہندو-مسلم کے درمیان علیحدگی کا جذبہ پیدا کرنے کی کوشش کی۔ انھوں نے ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو اور نہرو و سماجوادی نظریات پر حملہ کیا۔ میگزین میں اس بات کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے کہ پی ایم مودی نے ’کانگریس مُکت‘ ہندوستان بنانے کی بات کہی۔


10 May 2019, 9:58 AM

پرینکا گاندھی کا اتر پردیش دورہ آج، چار پبلک میٹنگوں سے کریں گی خطاب

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی آج اتر پردیش میں ہوں گی اور ریاست میں ان کا پروگرام کافی مصروفیت بھرا ہے۔ وہ سدھارتھ نگر، بستی، سنت کبیر نگر اور بھدوہی میں پبلک میٹنگ سے خطاب کریں گی اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ پرینکا گاندھی کے اس طوفانی دورہ سے چھٹے مرحلے میں ہونے والی پولنگ پر کافی اثر پڑے گا۔ چونکہ پرینکا گاندھی پی ایم نریندر مودی اور بی جے پی کو زبردست طریقے سے تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں، کانگریس امیدواروں کو پرینکا کے آج کے دورہ سے کافی فائدہ ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔