چراغ پاسوان کی لوک جن شکتی پارٹی میں بغاوت، پانچ ارکان پارلیمنٹ جنتا دل یو میں ہو سکتے ہیں شامل

بہار کی سیاست میں زبردست ہلچل نظر آ رہی ہے اورچراغ پاسوان کی پارٹی لوک جن شکتی پارٹی ٹوٹ کا شکارہے اور اس کے ارکان پارلیمنٹ نتیش سے ہاتھ ملا سکتےہیں۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

بہار میں لالو کے بیٹے تیج پرتاپ کا جیتن رام مانجھی سے ملنا اور پھر لو ک جن شکتی پارٹی میں ٹوٹ کی خبر نے بہار کی سیاست کو گرم کر دیا ہے۔واضح رہے لوک جن شکتی پارٹی کے چھہ میں سےپانچ ارکان پارلیمنٹ نے پارٹی سے الگ ہونے کاذہن بنا لیاہے۔نیوز پوٹل پر شائع خبر کے مطابق لوک جن شکتی پارٹی کے پانچ ارکان پارلیمنٹ نے پارٹی سے بغاوت کرتے ہوئے لوک سبھا اسپیکر کوخط لکھ کر درخواست کی ہےکہ ان کوایک علیحدہ گروپ کے طور پر منظوری دی جائے۔

واضح رہے جن پانچ ارکان پارلیمنٹ نے بغاوت کی ہے ان کی قیادت مرحوم رام ولاس پاسوان کے چھوٹے بھائی اور حاجی پور سے رکن پارلیمنٹ پشوپتی ناتھ پارس کر رہے ہیں ۔ رام ولاس پاسوان کے انتقال کے ایک سال کے اندر پارٹی دو حصوں میں تقسیم نظر آرہی ہے۔یہ بغاوت رام ولاس پاسوان کے بیٹے اور لوک جن شکتی پارٹی کے سربراہ چراغ پاسوان کے لئے بڑا سیاسی جھٹکا ہے۔


واضح رہے چراغ سے جن ارکان پارلیمنٹ نے بغاوت کی ہے وہ رام ولاس کے چھوٹے بھائی پارس کو اپنا قائد مانتے ہیں۔ اس کے ساتھ ان ارکان پارلیمنٹ نےجن میں پشو پتی ناتھ پارس، پرنس پاسوان، ویناسنگھ، چندن کمار اور محبوب علی قیصر شامل ہیں ان کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ جنتا دل یو میں شامل ہو سکتے ہیں۔

اس سب کے پیچھے جنتا دل یو کےایک سینئر رہنما کا نام آ رہا ہے جو وزیر اعلی نتیش کمار کے قریبی بتائےجاتے ہیں اوروہ آ ج کل دہلی میں ہی موجود ہیں۔چرچایہ بھی ہے کہ مرحوم رام ولاس پاسوان کے بھائی کو مرکز میں وزیر بنایا جا سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔