لوک جن شکتی پارٹی نے چراغ پاسوان پر کیا اعتماد کا اظہار، قومی ایگزیکٹو میٹنگ میں لئے گئے کئی فیصلے

چراغ پاسوان نے میٹنگ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ باغی گروپ کے تمام فیصلوں کو غیر آئینی قرار دیا گیا اورساتھ ہی باغی دھڑے کے رہنما پشوپتی پارس اور ان کے 4 حامی ارکان پارلیمنٹ کو پارٹی سے باہر کر دیا۔

چراغ پاسوان، تصویر یو این آئی
چراغ پاسوان، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) نے صدر چراغ پاسوان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی میں ہوئی بغاوت کے بعد ایل جے پی کی قومی ایگزیکٹو میٹنگ اتوار کے روز یہاں ہوئی میٹنگ میں متفقہ طور پر چراغ پاسوان میں اعتماد کا اظہار کیا اور ان کے تمام فیصلوں سے اتفاق کیا۔ چراغ پاسوان نے میٹنگ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ پارٹی سے باغی ہوئے لیڈران کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میٹنگ میں باغیوں کی شدید مذمت کی گئی۔ باغی گروپ کے تمام فیصلوں کو غیر آئینی قرار دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی باغی دھڑے کے رہنما پشوپتی کمار پارس اور ان کے چار حامی ارکان پارلیمنٹ کو پارٹی سے باہر کردیا۔

چراغ پاسوان نے بتایا کہ پارٹی کے بانی رام ولاس پاسوان کی سالگرہ کے موقع پر 5 جولائی سے بہار کے حاجی پور سے آشیرواد یاترا نکالی جائے گی اور پوری ریاست میں عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی۔ میٹنگ میں مرحوم پاسوان کو بھارت رتن سے نوازنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ ایل جے پی کی میٹنگ شروع ہونے سے قبل پارٹی کے صدر چراغ پاسوان نے پارٹی کے بانی اور اپنے والد مرحوم رام ولاس پاسوان کو خراج عقیدت پیش کی۔ بعد میں ایگزیکٹو ممبران کو پارٹی آئین کا حلف دلایا گیا۔


ایل جے پی پر کنٹرول کے تعلق سے چراغ پاسوان اوران کے چچا پشوپتی کمار پارس کے درمیان جدوجہد چل رہی ہے۔ گزشتہ دنوں ایل جے پی کے چھ ممبران پارلیمنٹ میں سے چار نے پشوپتی کمار پارس کو پارلیمانی پارٹی کا لیڈرمنتخب کرلیا تھا اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے اپنی منظوری دینے کی درخواست کی تھی۔ اون برلا نے بھی اپنی منظوری دے دی تھی۔

پشوپتی کمار نے پٹنہ میں پارٹی کی قومی ایگزیکٹو کی میٹنگ بلائی جس میں چراغ پاسوان کو قومی صدر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ اس کے بعد پشوپتی کمار پارس نے پارٹی کی تمام یونٹوں کو تحلیل کر دیا تھا۔ چراغ پاسوان نے کل ہی اوم برلا سے مل کر اپنے فیصلہ پر نظرثانی کرنے کی اپیل کی تھی۔ چراغ پاسوان نے پارٹی کی قومی ایگزیکٹو کی پٹنہ میں بلائی گئی میٹنگ کو غیرقانونی بتایا ہے۔ پشوپتی کمار پارس نے آج بلائی گئی میٹنگ کو غیرقانونی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ جو بھی اس میٹنگ میں حصہ لیں گے وہ خود بخود معطل سمجھے جائیں گے۔ اس درمیان دونوں گروپ نے حقیقی ایل جے پی ہونے کے تعلق سے الیکشن کمیشن میں بھی اپیل کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔