مہاراشٹر: 5 بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن 4.0 کا اعلان، 31 مئی تک رہے گا نافذ
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے جن شہروں میں لاک ڈاؤن کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے ان میں ممبئی کے علاوہ پونے، اورنگ آباد، مالیگاؤں اور سولاپور شامل ہیں۔
ہندوستان میں ریاست مہاراشٹر کورونا انفیکشن سے سب سے زیادہ بے حال ہے۔ یہاں کورونا مریضوں کی تعداد تقریباً 28 ہزار پہنچ گئی ہے جن میں سے تقریباً 21 ہزار کیسز ایکٹیو ہیں۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ اس ریاست میں 1000 سے زائد افراد اس مہلک وائرس کی وجہ سے موت کی نیند سو گئے ہیں۔ مہاراشٹر کے کچھ علاقوں میں حالات انتہائی خراب ہیں اور لگاتار پازیٹو کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ اس مشکل وقت کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے کچھ شہروں میں لاک ڈاؤن 4.0 کا اعلان کر دیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ان شہروں میں 31 مئی تک لاک ڈاؤن نافذ رہے گا اور پابندیوں پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے جن شہروں میں لاک ڈاؤن کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے ان میں ممبئی سمیت 5 بڑے شہر شامل ہیں۔ ممبئی میں حالات اس وقت سب سے زیادہ خراب ہیں اس لیے پہلے سے ہی اندیشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اس شہر میں 31 مئی تک کوئی نرمی نہیں دی جائے گی۔ ممبئی کے علاوہ جن شہروں میں 31 مئی تک لاک ڈاؤن کی توسیع کی گئی ہے وہ پونے، اورنگ آباد، مالیگاؤں اور سولاپور ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ مہاراشٹر کے مذکورہ 5 بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن کی مدت 31 مئی تک بڑھانے کا فیصلہ اس لیے لینا پڑا کیونکہ جمعرات کو ان شہروں میں ایک دن کے اندر جتنے نئے کیسز سامنے آئے، اس نے پرانے ریکارڈس کو توڑ دیا۔ مجموعی طور پر مہاراشٹر میں جمعرات کو 1602 نئے کیس سامنے آئے جو کہ ایک دن میں اب تک سب سے زیادہ ہیں۔
قابل غور ہے کہ کورونا وائرس کے معاملے ممبئی میں تیزی کے ساتھ بڑھ رہے ہیں اور مہاراشٹر میں ایک دن میں جو 1602 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ان میں سے 998 کا تعلق ممبئی سے ہے۔ 998 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد ممبئی شہر میں کووڈ-19 کے معاملے جمعرات کو بڑھ کر 16579 ہو گئے۔ بی ایم سی کے مطابق ممبئی میں اس انفیکشن کی وجہ سے جمعرات کو مزید 25 لوگوں کی موت ہو گئی جس کے بعد مجموعی طور پر مہلوکین کی تعداد 621 ہو گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 15 May 2020, 3:11 PM