لاک ڈاؤن اور جسمانی دوری وباؤں کے خلاف عین اسلامی ڈھال: مولانا مجددی
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری مولانا فضل الرحیم مجددی نے جمعہ کو عوام بالخصوص مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ لاک ڈاؤن پر مرتب قومی ضابطے کا عملاً مکمل طور پر پاس رکھیں
جے پور: عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ و مقابلے کے لئے لاک ڈاون اور جسمانی دوری کو عین اسلامی طریق عمل قرار دیتے ہوئے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری مولانا فضل الرحیم مجددی نے جمعہ کو عوام بالخصوص مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اس رخ پر مرتب قومی ضابطے کا عملاً مکمل طور پر پاس رکھیں۔
جمعے کے خطاب میں مولانا مجددی نے کورونا کے حوالے سے افواہوں سے بھی دور رہنے کی تلقین کی اور کہا کہ افواہوں سے بچنا بھی عین اسلامی تعلیم کا حصہ ہے۔انہوں نے کورونا کے پھیلنے میں مسلمانوں کے مبینہ دخل اور کورونا کے علاج کے نام پر مسلمانوں کو کورونا کے انجکشن لگانے کی دوطرفہ افواہوں پر بالترتیب ہندوؤں اور مسلمانوں سے کان نہ دھرنے کی بھی اپیل کی اور کہا کہ بحران میں افواہیں تدارکی کوششوں کو زبردست نقصان پہنچاتی ہیں۔
مولانا مجددی نے ایک سے زیادہ قرآنی آیات اور احادیث کے حوالوں سے ملت اسلامیہ و ہندیہ دونوں پر زور دیا کہ آزمائش کے اس مرحلے سے اس طرح گزرا جائے کہ مستحقین کی داد رسی میں کوئی کسر باقی نہ رہے اور کسی کو کورونا کے انسداد کے ضابطے کی خلاف ورزی پر مجبور نہ ہونا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ ہمسایوں، حاجت مندوں اور بیماروں کی بلا تفریق مذہب و ملت بھر پور اعانت کی جائے۔مولانا مجددی نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے عمل سے افواہوں کا زور توڑیں اور حکومت کے ساتھ کورونا مخالف محاذ پر خاطر خواہ تعاون کریں تاکہ اس مصیبت سے نجات کی موثر صورت نکلے۔
اس ر خ پر انہوں نے نمازوں اور رمضان کی تراویح کو افراد خانہ کی شرکت تک محدود رکھنے کی تلقین کی اور کہا۔کہ صفائی کے نصف ایمان ہونے کے یقین کو ہمہ وقت تازہ کرتے رہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 24 Apr 2020, 5:11 PM