لاک ڈاؤن-3: کہیں سختی-کہیں نرمی، جانیے کس زون میں ہے کتنی پابندی!
مرکزی حکومت نے اس کی جانکاری دے دی ہے کہ ٹرین اور فلائٹس پہلے کی طرح ہی بند رہیں گی۔ مال، سنیما گھر اور اسکول و کالج بھی سبھی زون میں فی الحال بند رہیں گے۔
لاک ڈاؤن-3 کا اعلان ہو چکا ہے اور سبھی اب یہ جان گئے ہیں کہ 14 دنوں کے ایکسٹینشن کے ساتھ 17 مئی تک لوگوں کو گھروں میں ہی بند رہنا ہوگا۔ لیکن کئی لوگ اس بات کو لے کر پس و پیش میں ہیں کہ مرکزی حکومت نے ریڈ، آرینج اور گرین زون میں اضلاع کو جو تقسیم کیا ہے، لاک ڈاؤن-3 کے دوران اس میں کیا کچھ سرگرمیاں دیکھنے کو ملیں گی، کیونکہ حکومت نے لاک ڈاؤن میں توسیع کے ساتھ ریڈ زون میں سختی اور گرین زون میں نرمی کی بات بھی کہی ہے۔ تو آئیے جانتے ہیں کہ کس زون کو ملنے والی ہے کیا سہولت، اور کس زون میں رہے گی کس طرح کی پابندی۔
کون سی دکانیں کھولیں گی اور کہاں ملے گی چھوٹ:
گرین زون میں 50 فیصد بسیں چلیں گی، اس کے علاوہ بھی کئی چھوٹ دی جائیں گی۔ آرینج زون میں جن سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہیں ان میں گاڑی کو چلانے کا اعلان ہے، لیکن اس میں 1 ڈرائیور کے علاوہ 2 پیسنجر بیٹھ سکیں گے۔ آرینج زون میں موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔ ایک ہفتہ میں تجزیہ کیا جائے گا اور جن علاقوں میں معاملے کم ہوں گے ان میں مزید چھوٹ دی جائے گی۔
رعایتوں میں ای-کامرس کو بھی چھوٹ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ گرین اور آرینج زون میں ای-کامرس کو منظوری دی گئی ہے۔ ان دونوں زون میں غیر ضروری سامانوں کی آن لائن ڈیلیوری پر بھی چھوٹ دی گئی ہے۔
لاک ڈاؤن کے دوران ریڈ، آرنج اور گرین زون میں سماجی فاصلہ بنائے رکھتے ہوئے او پی ڈی، میڈیکل کلینک چلانے کی اجازت دی جائے گی۔
ساتھ ہی لاک ڈاؤن-3 میں سبھی زون (ریڈ، آرینج، گرین) میں شراب کی فروخت کی اجازت دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پان مسالہ، گٹکا اور تمباکو فروخت کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔ حالانکہ کنٹمنٹ زون میں ہی شراب فروخت کرنے پر پابندی رہے گی۔ وہیں شراب کی فروخت صرف سنگل شاپ والی دکانوں پر ہی کی جا سکے گی۔ ساتھ ہی ان دکانوں کو رجسٹرڈ بھی ہونا چاہیے۔
کن چیزوں پر رہیں گی پابندیاں:
مرکزی حکومت نے اس کی جانکاری دے دی ہے کہ ٹرین اور فلائٹس پہلے کی طرح ہی بند رہیں گی۔ مال، سنیما گھر اور اسکول و کالج بھی سبھی زون میں فی الحال بند رہیں گے۔ لوگوں کے اجتماعی مقامات پر بڑی تعداد میں جمع ہونے پر بھی پابندی جاری رہے گی۔ لوگوں کو سماجی فاصلہ پر عمل کرنا ہوگا اور اجتماعی تقاریب سے ہر حال میں بچنا ہوگا۔
سرکاری ہدایات کے مطابق جِم اور اسپورٹس کلب بھی نہیں کھولے جا سکیں گے۔ کسی بھی طرح کے سیاسی، ثقافتی اور سماجی پروگراموں پر روک جاری رہے گی۔ مذہبی مقامات پر بھی پابندی جاری رہے گی۔
سبھی غیر ضروری سرگرمیوں کے لیے لوگوں کی آمد و رفت پر شام 7 بجے سے صبح 7 بجے تک سخت پابندی رہے گی۔ ریڈ زون کے اندر اور کنٹمنٹ زون کے باہر رکشہ، آٹو رکشہ، ٹیکسی، سیلون کے کھلنے پر پابندی رہے گی۔
واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے ریڈ، آرینج اور گرین زون کی جو فہرست جاری ہے اس کے مطابق ریڈ زون میں 130 اضلاع کو شامل کیا گیا ہے، آرینج زون میں 284 اضلاع ہیں اور گرین زون میں 319 اضلاع شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔