مظاہرہ LIVE: اتر پردیش کے مئو میں مظاہرین بے قابو، کئی گاڑیوں کے شیشے توڑے
شہریت قانون کے خلاف یو پی میں بھی پرتشدد مظاہرے، توڑے گئے گاڑیوں کے شیشے
شہریت ترمیمی قانون کے خلاف اتر پردیش میں پرتشدد مظاہرہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ علی گڑھ، لکھنو کے بعد اب مئو میں پرتشدد مظاہرہ کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ مظاہرین نے کئی گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے ہیں۔ موقع پر ایس پی اور ضلع مجسٹریٹ موجود ہیں۔ خبروں کے مطابق مئو کے مرزا ہادی پور چوراہا پر مظاہرین پر قابو پانے کے لیے پولس نے آنسو گیس کے گولے چھوڑے ہیں۔
جامعہ کے طلبا کی حمایت میں آئے سماج کے لوگ
نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا کے خلاف ہوئی پولس کی بے رحمانہ کارروائی کے خلاف احتجاج میں مہذب سماج کے لوگوں نے یہاں پہنچ کر اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ معروف سماجی کارکن ہرش مندر نے کہا کہ طلبا کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ اپنی تحریک پرامن طریقہ سے جاری رکھیں۔ سی اے بی کے خلاف لڑائی میں ملک بھر کے مہذب سماج کے لوگ آپ کے ساتھ ہیں آپ لوگ خود کو تنہا نہ سمجھیں۔
ہرش مندر کے علاوہ پرشانت بھوشن، پلاننگ کمیشن کی سابق رکن سیدہ سیدین سمیت مہذب سماج کے 25 معروف شخصیات جامعہ کے ماس کمیونکیشن سنٹر پر جمع ہوکر طلبا کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ سبھی نے پولس کی کارروائی کی مذمت کی۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگ مولانا محمد علی جوہر مارگ پر مظاہرہ کر رہے ہیں جن میں طلبا کے ساتھ ساتھ مقامی لوگ بھی شامل ہیں۔
جامعہ اور اے ایم یو طلباء کے حق میں 3 آئی آئی ٹی طلبا کا بھی احتجاج شروع
تین معروف انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کے طلبا نے جامعہ ملیہ اسلامیہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبا کے خلاف پولس کارروائی کی پیر کے روز مخالفت کی۔ آئی آئی ٹی کانپور، آئی آئی ٹی مدراس اور آئی آئی ٹی بامبے اکثر مظاہروں مین شامل نہیں ہوتے اور ان سے دور ہی رہتے ہیں، لیکن اس بار انھوں نے طلبا پر پولس کارروائی کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔
آئی آئی ٹی کانپور کے طلبا کے ذریعہ لگائے گئے ایک پوسٹر میں لکھا ہے کہ ’’انھوں نے (پولس نے) یادو پور یونیورسٹی میں طلبا کے مظاہرہ پر کارروائی کی، ہم کچھ نہیں بولے۔ انھوں نے ایم ٹیک کی فیس بڑھا دی، ہم کچھ نہیں بولے۔ انھوں نے جے این یو میں مظاہرین طلبا کو پیٹا، ہم کچھ نہیں بولے۔ اور اب جامعہ ملیہ اسلامیہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ساتھ یہ ہوا۔ اگر ہم اب بھی کچھ نہیں بولے تو اسٹوڈنٹس طبقہ کے تئیں ہماری ذمہ داری پر سنگین سوال کھڑا ہوگا۔ اس لیے آؤ، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبا کے ساتھ اتحاد کا مظاہرہ کرنے کے لیے احاطہ میں منعقد مارچ میں مل کر حصہ لیں۔‘‘
جامعہ طلبا پر پولس ظلم کے خلاف پرینکا گاندھی دھرنے پر بیٹھیں
انڈیا گیٹ پر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارتی کے لیڈران دھرنے پر بیٹھ گئے ہیں۔ جامعہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبا کے ساتھ ہوئی بربریت کے خلاف کانگریس یہ دھرنا دے رہی ہے۔ دو گھنٹے تک یہ دھرنا انڈیا گیٹ پر جاری رہے گا۔ دہلی کانگریس ہیڈ کوارٹر میں پریس سے بات کرتے ہوئے کانگریس ترجمان رندیپ سرجے والا نے کہا کہ پورے ملک نے دیکھا کہ کس طرح سے نوجوانوں اور طالب علموں پر حکومت حملہ کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تشدد پیدا کرنے والا اگر سرکار ہی بن جائے تو عوام کیا کرے گی۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ میٹرو اسٹیشن کا گیٹ پھر ہوا بند، نہیں رکے گی ٹرین
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا کا احتجاجی مظاہرہ اپنے عروج پر ہے۔ وہ پرامن مظاہرہ کر رہے ہیں اور شہریت قانون کے ساتھ ساتھ جامعہ طلبا پر اتوار کے روز دہلی پولس کی بربریت کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔ ان کے ساتھ دہلی یونیورستی اور جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طلبا و اساتذہ بھی جڑ رہے ہیں۔ اس درمیان دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے اعلان کیا ہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ اسٹیشن پر کوئی ٹرین نہیں رکے گی۔ کارپوریشن نے جانکاری دی ہے کہ جامعہ اسٹیشن کے دروازے بند رہیں گے اور یہاں چڑھنے یا اترنے کی سہولت نہیں ہوگی کیونکہ ٹرین اس اسٹیشن پر رکے گی ہی نہیں۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس اسٹیشن کے دروازے اس لیے بند کیے گئے تاکہ مزید بھیڑ جامعہ کے آس پاس جمع نہ ہو سکے۔
اتر پردیش: شہریت قانون کے خلاف مظاہروں کو دیکھ کر سبھی اضلاع میں دفعہ 144 نافذ
شہریت قانون کو لے کر اتر پردیش میں ہنگامہ بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں طلبا پرتشدد مظاہرے کر رہے ہیں جس کو دیکھتے ہوئے اے ایم یو نے 5 جنوری تک چھٹی کا اعلان کر دیا ہے اور دوسری طرف لکھنو کے جامعہ ندوۃ العلماء کے طلبا نے بھی خوب مظاہرہ کیا۔ علی گڑھ، سہارنپور اور میرٹھ وغیرہ میں انٹرنیٹ پر پہلے سے ہی پابندی لگی ہوئی ہے اور اب خبر ملی ہے کہ اتر پردیش کے سبھی اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کر دیا گیا ہے۔ یہ جانکاری ڈی جی پی او پی سنگھ نے میڈیا کو دی۔
آپ حق کی لڑائی لڑ رہے ہیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں: جامعہ ٹیچرس کا طلباء سے خطاب
جامعہ ملیہ اسلامیہ میں آج ٹیچرس کے گروپ نے طلباء کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے ہر موڑ پر ان کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔ طلباء سے خطاب کرتے ہوئے ایک خاتون ٹیچر نے کہا کہ ’’آپ کا احتجاج بالکل پرامن ہے۔ آپ جانتے ہین کہ جامعہ کی روایت کیا ہے، ہم یہ روایت قائم رکھتے ہوئے یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پولس کی طرف سے جو کارروائی کل ہوئی وہ غلط تھی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’جامعہ ایک تعلیمی ادارہ ہے اور کسی ایک مذہب کا نہیں ہے۔ یہاں سبھی مذہب کے بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں۔‘‘
طلباء سے خطاب کرتے ہوئے ٹیچرس نے مزید کہا کہ ’’آپ کسی افواہ پر یقین نہ کیجیے کیونکہ افواہ کے ذریعہ ہی لوگوں کو توڑنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ آپ حق کی لڑائی لڑ رہے ہیں تو امن کے ساتھ اپنی بات رکھیے۔ ہم آپ کے ساتھ ہیں، ہم سب متحد ہیں۔ ہمیں ظاہر کرنا ہے کہ ہم تعلیم یافتہ ہیں، مہذب ہیں۔ آپ کو کوئی مارنے آئے گا تو ہم بھی مریں گے۔‘‘
دہلی یونیورسٹی طلبا نے امتحان کے بائیکاٹ کا کیا اعلان
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی اطلاعات کے مطابق دہلی یونیروسٹی کے کئی طلبا نے آج ہونے والے امتحان کو بایئکاٹ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان طلبا کی ناراضگی دہلی پولس کی اس کارروائی سے ہے جو انھوں نے اتوار کے روز جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلباء کے خلاف کیا۔ انھوں نے بے قصور اور لائبریری میں پڑھ رہے طلبا پر لاٹھی چارج کرنے اور آنسو گیس کے گولے چھوڑے جانے کے خلاف احتجاج کیا اور جامعہ کے طلباء کی حمایت میں آج دہلی یونیورسٹی کے امتحانات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا۔
دہلی یونیورسٹی طلبا اور پولس کے درمیان بھی تصادم
دہلی یونیورسٹی کیمپس میں آج صبح پولس داخل ہوئی۔ یہاں یونیورسٹی طلبا نے جامعہ طلبا پر ہوئے مظالم کے خلاف آواز اٹھائی اور اس کے لیے ذمہ دار پولس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔ اس درمیان خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ طلبا اور پولس کے درمیان تصادم شروع ہو گیا ہے۔ اس تصادم میں کچھ طلبا کو چوٹیں آئی ہیں۔ کچھ میڈیا ذرائع پر احتجاجی مظاہرہ کرنے والے طلباء کو حراست میں لیے جانے کی خبریں بھی موصول ہو رہی ہیں۔
حیدر آباد: مولانا آزاد اردو یونیورسٹی کے طلبا نے شہریت قانون کے خلاف اور جامعہ طلبا کے حق میں نکالا مارچ
حیدر آباد واقع مولانا آزاد اردو یونیورسٹی کے طلبا نے آج بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل کر شہریت قانون کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ یونیورسٹی کے طلبا نے اتوار کے روز دہلی واقع جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا پر دہلی پولس کی بربریت کے خلاف بھی احتجاجی مظاہرہ کے دوران آواز اٹھائی۔
جامعہ اور اے ایم یو طلبا کے ساتھ تشدد کا معاملہ پہنچا سپریم کورٹ
شہریت قانون کے خلاف مظاہرہ کر رہے جامعہ ملیہ اسلامیہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبا کے ساتھ ہوئے تشدد کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے اور اس معاملے کی سماعت اب منگل کے روز ہوگی۔ دراصل سینئر وکیل اندرا جے سنگھ نے اس سلسلے میں ایک عرضی سپریم کورٹ میں داخل کی ہے۔ ان کی عرضی پر غور کرتے ہوئے چیف جسٹس ایس اے بوبڈے نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ تشدد رکے۔ عرضی پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس بوبڈے نے حکومت کو حکم دیا کہ وہ سبھی زخمی طلبا کو میڈیکل سہولت مہیا کرانے کا انتظام کرے۔
جسٹس بوبڈے نے اپنی بات رکھتے ہوئے عدالت میں کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ رہے ہیں کہ کون ذمہ دار ہے۔ ہم بس چاہتے ہیں کہ ابھی عدالت میں امن بنائے رکھیں۔ یہ معاملہ سامنے آنے دیجیے پھر ہم دیکھیں گے۔ چیف جسٹس نے یہ بھی کہا کہ بسوں کو آگ لگائی گئی ہے، سرکاری ملکیتوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ عرضی دہندہ کو پھٹکارتے ہوئے جسٹس بوبڈے نے کہا کہ یہ کیا طریقہ ہے؟ اندرا جے سنگھ نے اس پر کہا کہ آگ پولس لگا رہی ہے۔ اپنی بات رکھتے ہوئے اندرا جے سنگھ نے اتنی زور سے بولا کہ عدالت کو کہنا پڑا کہ ’’پہلے آپ مائک بند کریں۔‘‘
بی جے پی-آر ایس ایس پورے ملک کا ماحول خراب کر رہی: پینارائی وجین
کیرالہ میں اس وقت ایل ڈی ایف اور یو ڈی ایف کے ذریعہ شہریت قانون 2019 کے خلاف احتجاجی مظاہرہ چل رہا ہے اور اس درمیان ریاست کے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین نے بی جے پی اور آر ایس ایس کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے ماحول کو بی جے پی-آر ایس ایس خراب کر رہی ہے، وہ اپنا ایجنڈا نافذ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پینارائی وجین نے مزید کہا کہ پورے ملک میں تشدد ہو رہا ہے، خوف کا ماحول ہے۔ کیرالہ اس وقت پوری طرح متحدہ ہے اور شہریت قانون کے خلاف کھڑی ہے۔
جامعہ طالب علم نے شرٹ اتار کر پولس بربریت کے خلاف اٹھائی آواز
جامعہ ملیہ اسلامیہ کا ایک طالب علم دہلی پولس کی بربریت کے خلاف آج علی الصبح شرٹ اتار کر یونیورسٹی کے دروازے پر بیٹھ گیا ہے۔ اس نے مطالبہ کیا ہے کہ اتوار کے روز جامعہ طلبا کے ساتھ جس طرح کی ظالمانہ کارروائی پولس نے کی ہے، ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ کچھ میڈیا ذرائع کے مطابق شرٹ اتارنے والے طالب علم نے پولس کی کارروائی کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’’آؤ مجھے بھی پیٹو۔‘‘
پولس نے جو کیا وہ ٹھیک نہیں، میں طلباء کے ساتھ کھڑی ہوں: جامعہ وائس چانسلر
نومنظور شدہ شہریت قانون کے خلاف خاموشی کے ساتھ احتجاجی مظاہرہ کر رہے طلبا کو دہلی پولس نے تشدد کا نشانہ بنایا ہی، جو طلبا اس احتجاجی مظاہرے میں شامل نہیں تھے، انھیں بھی پولس کی بربریت کا سامنا کرنا پڑا۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے کیمپس میں پولس کے بلااجازت گھس کر طلباء و طالبات پر لاٹھی چارج کیے جانے اور لائبریری میں پڑھ رہے طلبا کو نشانہ بنائے جانے سے ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا ہے۔ یونیورسٹی کی وائس چانسلر نجمہ اختر نے اس پورے واقعہ کے بعد طلباء کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہ تنہا طلباء کی لڑائی نہیں ہے، میں ان کے ساتھ ہوں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ جس طرح سے طلبا کے ساتھ برتاؤ کیا گیا ہے، اس سے وہ بہت مایوس ہیں۔
وائس چانسلر نجمہ اختر کا اس سلسلے میں ایک ویڈیو پیغام سامنے آیا ہے۔ اس میں وہ کہتی ہوئی نظر آ رہی ہیں کہ ’’جس طریقے سے میرے طلبا کے ساتھ پیش آیا گیا ہے، اس سے میں غمزدہ ہوں۔ میں میرے طلباء کو بتانا چاہتی ہوں کہ اس لڑائی میں وہ تنہا نہیں ہیں۔ میں ان کے ساتھ ہوں۔ میں اس معاملے کو جہاں تک ہوگا، آگے لے کر جاؤں گی۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔