تین طلاق بل لوک سبھا سے منظور، حق میں 303 جبکہ مخالفت میں 82 ووٹ ڈالے گئے

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

25 Jul 2019, 6:38 PM

طویل بحث کے بعد ووٹنگ، بل کے حق میں 303، مخالفت میں 82 ووٹ

تویل بحث کے بعد تین طلاق بل ایک مرتبہ پھر لوک سبھا سے منظور ہو گیا۔ وزیر قانون روی شنکر پرساد کی طرف سے پیش کئے گئے اس بل کے حق مین 303 ارکان نے ووٹ ڈالے جبکہ 82 ارکان پارلیمنٹ نے اس بل کے خلاف ووٹنگ کی۔

اس بل کو قانون بنانے کے لئے اب حکومت کو اسے راجیہ سبھا سے سے بھی منظور کرانا ہوگا۔ واضح رہے کہ حکومت اس بل کو پہلے بھی لوک سبھا سے منظور کرا چکی ہے لیکن راجیہ سبھا میں سے یہ بل نامنظور ہو گیا تھا۔

قبل ازیں، کانگریس ارکان پارلیمنٹ کی طرف سے اس بل کی پُر زور مخالفت کی گئی اور موجودہ شکل میں اس بل کو خارج کر دیا گیا۔ حزب اختلاف نے احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔

تین طلاق بل، کب کیا ہوا؟

لوک سبھا میں جمعرات کو پاس مسلم خواتین (تحفظ حقوق شادی) بل۔2019 سے متعلق حسب ذیل سلسلہ واقعات ہیں۔

  • 22 اگست 2017:سائرہ بانو معاملے میں سپریم کورٹ کا فیصلہ، طلاق بدعت غیر قانونی قرار
  • 28 دسمبر 2017: مسلم خواتین (تحفظ حقوق شادی) بل۔2017 لوک سبھا میں پیش
  • 28 دسمبر 2017:مسلم خواتین (تحفظ حقوق شادی) بل۔2017 میں پاس
  • 19 ستمبر 2018: مسلم خواتین (تحفظ حقوق شادی)آرڈی ننس ۔2018
  • 17 دسمبر 2018: مسلم خواتین (تحفظ حقوق شادی) بل۔2018 بل لوک سبھا میں پیش
  • 28 دسمبر 2018: مسلم خواتین (تحفظ حقوق شادی) بل۔2018 لوک سبھا میں پاس
  • 12 جنوری 2019: مسلم خواتین (تحفظ حقوق شادی) آرڈی ننس۔2019
  • 21 فروری 2019: مسلم خواتین (تحفظ حقوق شادی) آرڈی ننس۔2019
  • 21 جون 2019: مسلم خواتین (تحفظ حقوق شادی) بل۔2019 لوک سبھا میں پیش
  • 25 جولائی 2019: مسلم خواتین (تحفظ حقوق شادی) بل۔2019 لوک سبھا میں پاس
25 Jul 2019, 6:10 PM

سپریم کورٹ نے تین طلاق کو کریمنلائیز کرنے کو نہیں کہا، کانگریس

لوک سبھا میں تین طلاق بل پر بحث کرتے ہوئے کانگریس کے رہنما ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ سپریم کورٹ نے تین طلاق کو کریمنلائیز کرنے کو نہیں کہا، ہماری مخالفت اسی مسئلہ پر ہے۔ وہیں کانگریس کے رہنما ششی تھرور نے کہا کہ صرف ایک طبقہ کے خواتین کو چھوڑنے والے مردوں کے خلاف قانون کیوں لایا جا رہا ہے، دیگر طبقات کے لئے ایسا قانون کیوں نہیں ہے!

25 Jul 2019, 4:48 PM

جب ہندو مردوں کو طلاق پر جیل نہیں بھیجا جاتا تو مسلم مردوں کے لیے یہ قانون کیوں: ٹی ڈی پی

طلاق ثلاثہ بل پر بحث کے دوران تیلگو دیشم پارٹی کے رکن پارلیمنٹ جے دیو گلّا نے لوک سبھا میں اس بل کی مخالفت کی۔ انھوں نے کہا کہ تین طلاق کو عدالت غلط بتا چکا ہے، لیکن جو بل پیش کیا گیا ہے وہ کئی معنوں میں درست نہیں ہیں۔ سب سے پہلے تو حکومت کو قانون ایسا بنانا چاہیے جو سب کے لیے برابر ہو۔ سوال یہ ہے کہ کیا ہندو کو بھی طلاق پر جیل بھیجا جائے گا؟ اگر نہیں تو صرف مسلم مردوں کے لیے یہ قانون کیوں؟ ٹی ڈی پی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ اس بل میں ترمیم کی اشد ضرورت ہے۔


25 Jul 2019, 4:10 PM

طلاق ثلاثہ بل آئین کے سخت خلاف ہے: اسدالدین اویسی

اے آئی ایم آئی ایم سے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے طلاق ثلاثہ بل کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایسا بل ہے جس کی وہ ہمیشہ مخالفت کرتے رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ یہ بل نہ صرف ہندوستانی آئین کے خلاف ہے بلکہ مسلم خواتین کی بربادی کا سبب بننے والا بھی ہے۔ انھوں نے اس بل میں کئی خامیاں شمار کرائیں۔

25 Jul 2019, 3:41 PM

اعظم خان کے بیان پر لوک سبھا میں ہنگامہ

لوک سبھا میں تین طلاق بل پر بحث کے دوران سماجوادی پارٹی رکن پارلیمنٹ اعظم خان نے چیئر پر بیٹھیں رما دیوی کے بارے میں کچھ تبصرہ کیا جس پر وزیر قانون روی شنکر پرساد نے سخت اعتراض ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ لوک سبھا رکن کو اپنے بیان کے لیے معافی مانگنی چاہیے۔ اس پر اعظم خان نے کہا کہ وہ میری بہن جیسی ہیں، معافی کس بات کی مانگنی چاہیے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ اعظم خان کے بیان پر ہنگامہ ہو رہا ہے۔ چیئر پر اوم بڑلا آ چکے ہیں اور انھوں نے ہنگامہ کو خاموش کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔


25 Jul 2019, 2:58 PM

بی جے پی کو لگا جھٹکا، ساتھی جنتا دل یو نے بل کے خلاف اٹھائی آواز

جنتا دل یو رکن پارلیمنٹ راجیو رنجن سنگھ نے طلاق ثلاثہ بل پر بحث کے دوران لوک سبھا میں مودی حکومت کے خلاف اپنا اسٹینڈ رکھا۔ این ڈی اے میں شامل جنتا دل یو رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ اس بل کا نفاذ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ یہ ایک سماج کے ذہن میں عدم اعتماد پیدا کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ طلاق ثلاثہ پر بل لانے کی جگہ حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ اس سماج میں بیداری پیدا کرتی۔ راجیو رنجن سنگھ نے کہا کہ اس بل کی جلد بازی حکومت کو نہیں کرنی چاہیے کیونکہ انھیں مینڈیٹ ملا ہے اور انھیں بہت سے بڑے بڑے کام کرنے ہیں۔

25 Jul 2019, 2:52 PM

ترنمول کانگریس نے طلاق ثلاثہ بل اسٹینڈنگ کمیٹی کے پاس بھیجنے کا مطالبہ کیا

ترنمول کانگریس نے طلاق ثلاثہ بل کو اسٹینڈنگ کمیٹی کے پاس بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ سدیپ بندھوپادھیائے نے اپنی بات لوک سبھا میں رکھتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی خاتون کی خودمختاری کے حق میں ہے لیکن یہ بل ویسا بالکل نہیں نظر آ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کئی مسلمان ایسے بھی ہیں جو خواتین کی خود مختاری کی بات کرتے ہیں، لیکن اس طرح کے بل کی وہ بھی مخالفت کر رہے ہیں۔ اگر مرد جیل میں چلا جائے گا اور پھر اسے ہی خاتون اور بچے کا دھیان رکھنے کو کہا جائے گا تو یہ کیسے ممکن ہو پائے گا۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ہماری پارٹی نے خواتین کو لوک سبھا انتخاب میں زیادہ ٹکٹ دیے، ہماری پارٹی کی سربراہ خاتون ہیں اور وزیر اعلیٰ بھی خاتون ہیں۔ اگر آپ یہاں پاس کرا لیں گے تو راجیہ سبھا میں بل کو مشکل کا سامنا کرنا پڑے گا، ایسے میں بہتر یہی ہے کہ ابھی ہی اسے اسٹینڈنگ کمیٹی کے پاس بھیج دیا جائے۔


25 Jul 2019, 2:17 PM

کنی موجھی نے تین طلاق بل میں موجود خامیوں پر اٹھائی انگلی

ڈی ایم کے لیڈر کنی موجھی نے تین طلاق بل پر بحث کے دوران اس میں موجود کئی خامیوں کو منظر عام پر لایا اور اس بل کو لے کر مودی حکومت کی نیت پر بھی شک کا اظہار کیا۔ کنی موجھی نے کہا کہ طلاق سے صرف مسلم خواتین پریشان نہیں ہیں بلکہ ہندو اور عیسائی خواتین کو بھی انصاف چاہیے، پھر صرف مسلم خواتین کے لیے ہی بل کیوں؟ کنی موجھی نے اس بل کو لے کر مودی حکومت کی جلد بازی پر بھی سوالیہ نشان لگایا۔ انھوں نے کہا کہ اس جلد بازی سے ملک میں بنٹوارے کا پیغام جا سکتا ہے۔ انھوں نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خواتین کے حق کی بات کرنے سے پہلے انھیں خاتون ریزرویشن بل نافذ کرنا چاہیے، آنر کلنگ کو لے کر بل لانے کی بات سوچنی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈر آزادی کی بات کر رہے ہیں لیکن آج ملک میں کھانے اور پہننے کی آزادی میسر نہیں ہے۔

25 Jul 2019, 1:48 PM

میناکشی لیکھی نے اکھلیش حکومت پر لگایا الزام تو لوک سبھا میں ہوا ہنگامہ

لوک سبھا میں تین طلاق بل پر بحث جاری ہے اور اس درمیان بی جے پی رکن پارلیمنٹ میناکشی لیکھی اور سماجوادی پارٹی رکن پارلیمنٹ اکھلیش یادو کے درمیان تلخ کلامی دیکھنے کو ملی۔ جب میناکشی لیکھی نے یو پی میں تین طلاق کے بڑھتے معاملوں کے لیے اکھلیش حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا تو اکھلیش نے اس پر اعتراض ظاہر کیا۔ انھوں نے میناکشی کا جواب دینے کی اجازت مانگی لیکن انھیں کہا گیا کہ جب ان کا موقع آئے گا تو اپنی بات رکھیں۔


25 Jul 2019, 1:08 PM

لوک سبھا میں طلاق ثلاثہ بل پر بحث شروع

لوک سبھا میں وزیر قانون روی شنکر پرساد نے تین طلاق بل کو ایوان میں بحث کے لیے رکھ دیا ہے۔ لوک سبھا میں وزیر قانون نے کہا کہ طلاق ثلاثہ کی متاثرہ مسلم بہنوں نے سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی۔ اس کے بعد عدالت نے فیصلہ دیتے ہوئے تین طلاق کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔ اس کے بعد عدالت نے اسے شریعہ کے خلاف بھی بتایا تھا۔ روی شنکر پرساد نے اس قانون کے نفاذ کو انسان اور انسانیت کے لیے ضروری قرار دیا۔

25 Jul 2019, 12:28 PM

بی جے پی، کانگریس، آر جے ڈی اور این سی پی نے وہپ کیا جاری

لوک سبھا میں آج مودی حکومت کچھ ترمیم کے ساتھ طلاق ثلاثہ یعنی تین طلاق بل پیش کرنے والی ہے۔ کانگریس کی قیادت والی یو پی اے میں شامل سبھی پارٹیوں نے اس بل کی مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ تین طلاق بل جس طرح کی تبدیلی ضروری ہے، وہ نہیں کی گئی ہے اور یہ مناسب نہیں ہے۔ اس بل کو پاس کرانے کے لیے بی جے پی نے پہلے ہی اپنے لوک سبھا اراکین کو وہپ جاری کیا ہوا ہے۔ اب کانگریس، آر جے ڈی اور این سی پی نے بھی اپنے اپنے اراکین لوک سبھا کو وہپ جاری کر ایوان میں موجود رہنے کا حکم دیا ہے۔ لوک سبھا میں اس بل پر بحث کے دوران زبردست ہنگامے کے آثار نظر آ رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔