جنتر منتر مظاہرہ: نتیش جی! اگر شرم آ رہی ہے تو کارروائی کریں... راہل
آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کی قیادت میں اپوزیشن پارٹی کے کئی اعلیٰ لیڈران جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرہ میں شریک ہوں گے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال بھی اس میں شرکت کا اعلان کر چکے ہیں۔
مظفر پور واقعہ سے شرمندگی ہو رہی ہے تو کارروائی کریں: کانگریس صدر
مظفر پور شیلٹر ہوم میں 34 بچیوں کے ساتھ عصمت دری کے واقعہ سے بہار ہی نہیں پورا ملک حیران ہے اور آج اس کے خلاف جنتر منتر پر ہوئے عظیم الشان احتجاجی مظاہرے میں کانگریس صدر راہل گاندھی نے بھی عوام سے خطاب کیا۔ اس موقع پر راہل گاندھی بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ’’اگر واقعی نتیش جی کو شرم آ رہی ہے تو وہ کارروائی کر کے دکھائیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اس وقت آر ایس ایس ایک طرف ہے اور پورا اپوزیشن دوسری طرف۔ ہمیں ایک ساتھ مل کر ظلم کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔‘‘
کانگریس صدر نے اپنے خطاب کے آغاز میں کہا کہ ہم یہاں اس لیے جمع ہوئے ہیں کیونکہ ہم خواتین کا تحفظ چاہتے ہیں اور ان کی لڑائی میں ہم ساتھ کھڑے ہیں۔ ہندوستان اپنی تہذیب و ثقافت، تاریخ اور اداروں پر حملے کو کبھی برداشت نہیں کرے گا۔
تیجسوی یادو قصورواروں کو پھانسی کے پھندے تک پہنچانے کے لیے پرعزم
آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے عوام سے اپنا خطاب انتہائی پرجوش انداز میں شروع کیا اور مظفر پور واقعہ کے قصورواروں کو سزا دلانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’جو گنہار ہیں ان کو جیل بھیجنے کا کام ہم کریں گے۔ ان کو پھانسی کے پھندے تک لے جائیں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم سبھی کو انصاف دلائیں۔ جو غریب ہیں، بے سہارا ہیں اور اپنے انصاف کے لیے نہیں لڑ سکتے ان کے لیے ہم آواز اٹھائیں گے۔‘‘
جنتر منتر پر عظیم الشان احتجاجی دھرنا سے متعلق انھوں نے کہا کہ میں دہلی اس لیے آیا کیونکہ میرے چاچا (نتیش کمار) کا ضمیر نہیں جاگ رہا۔ وہ کہتے ہیں کہ بہار میں قانون کا راج ہے، لیکن یہاں تو ’جنگل راج‘ سے بڑھ کر ’راکشش راج‘ ہے۔‘‘ تیجسوی یادو نے نتیش کمار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’میں بہاری ہونے پر شرمندہ ہوں کیونکہ یہاں قانون کا راج نہیں ہے۔ ہمیں اس بات کا جواب چاہیے کہ آپ نے ایف آئی آر سے برجیش کا نام ہٹانے کے لیے پولس کو مجبور کیوں کیا اور دو مہینے بعد ایف آئی آر کیوں تحریر کی گئی۔‘‘
بہار میں ’جنگل راج‘ نہیں ’راکشش‘ راج: تیجسوی یادو
بہار کے مظفر پور شیلٹر ہاؤس واقعہ کے خلاف دہلی کے جنتر منتر پر منعقد احتجاجی مظاہرہ میں آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر سخت ترین حملہ کرتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار نے اس معاملے میں ایف آئی آر سے ملزم برجیش ٹھاکر کا نام ہٹوایا تھا جو حیران کن ہے۔ اس واقعہ کے پیش نظر تیجسوی نے یہ بھی کہا کہ بہار میں اس وقت جو حالات ہیں وہ ’جنگل راج‘ نہیں بلکہ ’راکشش راج‘ کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔
راہل گاندھی بھی پہنچے جنتر منتر
کانگریس کے قومی صدر راہل گاندھی بھی تیجسوی یادو کی قیادت میں جنتر منتر پر ہو رہے احتجاجی مظاہرہ میں شریک ہونے جنتر منتر پہنچ چکے ہیں۔ انھوں نے اسٹیج پر پہنچ کر وہاں موجود سینئر لیڈروں سے مصافحہ کیا اور ہاتھ ہلا کر ہزاروں کی تعداد میں مظاہرے میں موجود لوگوں کا استقبال کیا۔
پورے ملک کے شیلٹر ہاؤس کی جانچ ہو: شرد یادو
سینئر لیڈر شرد یادو نے ملک کے بگڑتے ماحول کے لیے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’وہ لوگ گائے کو تحفظ فراہم کرنے کی بات کرتے ہیں لیکن ہماری مائیں اور بہنیں ظلم کا شکار ہو رہی ہیں۔‘‘ انھوں نے مظفر پور شیلٹر ہوم میں پیش آئے واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے پورے ملک میں موجود شیلٹر ہوم کی جانچ کرانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ یہ جانچ کسی جج کی نگرانی میں ہو۔
نتیش کمار کو وزیر اعلیٰ بنے رہنے کا کوئی حق نہیں: ترنمول کانگریس
ترنمول کانگریس لیڈر دنیش تریویدی جنتر منتر پر ہو رہے احتجاجی مظاہرہ میں شریک ہونے خاص طور پر دہلی پہنچے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے انھیں اپنی بات رکھنے کے لیے خصوصی طور پر بھیجا ہے۔ اپنی بات لوگوں کے سامنے رکھتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’یہ ہم لوگوں کے لیے شرمناک ہے کہ ہمارے ملک کی شناخت عصمت دری کے ساتھ ہونے لگی ہے۔‘‘ دنیش تریویدی نے کہا کہ ’’بی جے پی رام راج کی بات کرتی ہے لیکن وہ خود ایسا نہیں کرتے۔ وہ جو کچھ کر رہے ہیں اس کا جواب عوام دے گی۔ ان کے متعلق فیصلہ عوام اپنی عدالت میں سنائے گی۔‘‘
اس موقع پر سی پی آئی ایم جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے بھی عوام سے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں بچیوں کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے وہ تشویشناک ہے۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’این ڈی اے سے بیٹی بچاؤ۔ اگر ہمیں ہمارے ملک میں رہنا ہے تو ہندوستان کو بچانا ہوگا۔ ہمیں دہلی سے نریندر مودی اور پٹنہ سے مودی حمایت یافتہ نتیش کو ہٹانا ہوگا۔‘‘
بی جے پی ہٹاؤ، دیش بچاؤ: ڈی راجہ
سی پی آئی لیڈر ڈی راجہ نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو اپنا اچھا دوست بنایا لیکن جو کچھ بہار میں ہو رہا ہے اس کے لیے انھوں نے تنقید کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’نتیش کمار کو اب مزید بہار کے وزیر اعلیٰ عہدہ پر برقرار نہیں رہنا چاہیے۔ وہ میرے اچھے دوست ہیں لیکن ان کے اندر اخلاقیات باقی نہیں رہا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’میں نتیش کمار سے یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا آپ کے اندر کوئی اخلاقیات بچا ہے۔ آپ نے کس طرح بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیا۔‘‘ ڈی راجہ نے آئندہ انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ’بی جے پی ہٹاؤ، دیش بچاؤ‘ کا نعرہ بھی لگایا۔
کیجریوال نے مظفر پور شیلٹر ہوم واقعہ میں شامل قصورواروں کے لیے پھانسی کا مطالبہ کیا
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے مظفر پور شیلٹر ہوم واقعہ میں شامل قصورواروں کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے یہ مطالبہ جنتر منتر میں موجود عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کئی پارٹیوں میں بیٹھے بڑے بڑے لوگ اس طرح کے معاملوں میں شامل ہیں۔ کیجریوال کا کہنا ہے کہ مظفر پور معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے جو تین مہینے کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے۔ انھوں نے کہا کہ ایک نربھیا کے ساتھ غلط کاری ہوئی تو یو پی اے کا سنگھاسن ڈول گیا تھا اور اگر اب موجودہ حکومت ہوش میں نہیں آئے گی تو 40 بار عوام اپنی حکومت بدلے گی۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’ہم یہاں انصاف کے لیے جمع ہوئے ہیں کسی ایک پارٹی کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے نہیں۔ بی جے پی کے لیڈر خاتون صحافیوں کو ٹرول کرتے ہیں، یہاں تک کہ بی جے پی کی خود کی خاتون لیڈر محفوظ نہیں ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت جو گندہ ماحول بن گیا ہے اس کو ٹھیک کیا جائے اور اگر اس سمت میں قدم نہیں اٹھایا گیا تو عوام سبق سکھانے کے لیے تیار ہے۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی آمد
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال بھی جنتر منتر پہنچ چکے ہیں۔ انھوں نے آج صبح ٹوئٹ کر کے دہلی کے باشندوں سے گزارش کی تھی کہ وہ مظفر پور شیلٹر ہوم معاملے میں بچیوں کے ساتھ ہوئے غلط سلوک کے خلاف آواز اٹھائیں۔ اس ٹوئٹ کے بعد لوگوں کو پوری امید تھی کہ وہ اس میں شریک ہوں گے۔ کیجریوال اسٹیج پر شرد یادو کے ٹھیک بغل میں بیٹھے ہیں۔ اس وقت جنتر منتر پر لوگوں کی بھیڑ صاف دیکھی جا سکتی ہے۔ ہریانہ اور اتر پردیش سے بڑی تعداد میں لوگ اس احتجاجی مظاہرہ میں شریک ہونے کے لیے پہنچے ہیں۔
کنہیا کمار اور شہلا رشید نے بھی کیا لوگوں سے خطاب
جے این یو طلبا یونین کے سابق صدر کنہیا کمار اور جے این یو سے ہی تعلق رکھنے والی طلبا لیڈر شہلا رشید بھی جنتر منتر پر نتیش حکومت اور مودی حکومت کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے پہنچیں۔ شہلا رشید نے اس موقع پر بی جے پی کا نام لیے بغیر کہا کہ صرف ایک ہی پارٹی کیوں قصورواروں کے حق میں کھڑی اور اس کی حمایت کرتی ہوئی نظر آتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’کٹھوعہ سے لے کر مظفر پور تک ہر جگہ بی جے پی کے لوگ ہی کیوں نظر آتے ہیں۔‘‘ شہلا رشید نے اس بات پر بھی وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ آخر انھوں نے مظفر پور معاملے پر ابھی تک ایک بھی ٹوئٹ کیوں نہیں کیا۔
کنہیا کمار نے لوگوں سے مخاطب ہوتے ہوئے نتیش کمار کے ذریعہ مظفر پور معاملے پر سی بی آئی انکوائری کی ہدایت دینے کو بھی ایک دھوکہ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ نتیش کمار سی بی آئی انکوائری کے نام پر سچائی کو دبانا چاہتے ہیں اور ایسا نہیں ہونے دینا چاہیے۔ شیلٹر ہوم میں ہوئے شرمناک واقعہ کے پیش نظر انھوں نے نتیش کمار سے استعفیٰ کا مطالبہ بھی کیا۔
بہار میں صدر راج نافذ ہو: جیتن رام مانجھی
بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور ہندوستانی عوام مورچہ کے سربراہ جیتن رام مانجھی اس وقت جنتر منتر پر لوگوں کی جم غفیر سے خطاب کر رہے ہیں۔ انھوں نے اپنے خطاب کے دوران بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے استعفیٰ کا مطالبہ بھی کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے بہار میں صدر راج نافذ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بہار میں صورت حال بہت خراب ہے اور مظفر پور شیلٹر ہوم میں معصوم بچیوں کے ساتھ جس طرح کی شرمناک حرکت ہوئی ہے اور پھر اس پر ریاستی حکومت نے جس طرح خاموشی اختیار کی، اس کے بعد نتیش کمار کو کوئی حق نہیں بنتا کہ وہ وزیر اعلیٰ عہدہ پر برقرار رہیں۔
احتجاجی مظاہرہ میں ہزاروں کی تعداد میں پہنچے لوگوں کا تیجسوی یادو نے استقبال کیا
بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو جنتر منتر پہنچ چکے ہیں اور انھوں نے ہزاروں کی تعداد میں پہنچے لوگوں کا استقبال کیا۔ مظفر پور شیلٹر ہوم کی بچیوں کو انصاف دلانے کے لیے تیجسوی یادو کی قیادت میں ہو رہے اس احتجاجی مظاہرہ میں شرد یادو، سی پی آئی لیڈر ڈی راجہ، سماجوادی پارٹی لیڈر تیج پرتاپ جیسی شخصیتیں بھی شامل ہوئی ہیں۔ مظفر پور معاملے میں نتیش حکومت کی خاموشی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ بھی کوئی بیان نہ دیے جانے سے خواتین میں بھی ناراضگی ہے اور جنتر منتر پر اس وقت سینکڑوں کی تعداد میں خواتین بھی احتجاجی مظاہرہ میں شامل نظر آ رہی ہیں۔
احتجاجی مظاہرہ میں لالو پرساد کی بیٹی میسا بھارتی بھی پہنچیں
لالو پرساد یادو کی بیٹی میسا بھارتی بھی مظفر پور شیلٹر ہوم کی لڑکیوں کے ساتھ ہوئی عصمت دری کے خلاف آواز بلند کرنے جنتر منتر پہنچ چکی ہیں۔ انھوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان معصوم لڑکیوں کو انصاف دینے کا مطالبہ کرتی ہیں اور نتیش حکومت سے کہتی ہیں کہ وہ ملزمین کے خلاف سخت قدم اٹھائے۔
احتجاجی مظاہرہ میں سینکڑوں کی تعداد میں ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کے کارکنان بھی پہنچے ہیں جو ملزمین کو پھانسی کی سزا دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ’ہم‘ بہار کے سابق وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی کی پارٹی ہے جو کچھ مہینے پہلے تک این ڈی اے میں شامل تھی لیکن نتیش حکومت اور مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف انھوں نے این ڈی اے سے ناطہ توڑ کر ’مہا گٹھ بندھن‘ کے ساتھ جڑ گئے۔
مظفر پور شیلٹر ہوم واقعہ کی متاثرین کو انصاف دلانے جمع ہوئی لوگوں کی بھیڑ
مظفر پور شیلٹر ہوم میں 34 لڑکیوں کے ساتھ عصمت دری کے واقعہ کی تصدیق ہونے کے بعد بہار میں اہم اپوزیشن پارٹی آر جے ڈی پوری طرح سرگرم نظر آ رہی ہے اور پارٹی لیڈر تیجسوی یادو نے اس ایشو پر نتیش کمار کے خلاف محاذ کھول رکھا ہے۔
تیجسوی یادو کے ذریعہ جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرہ کے اعلان کے بعد لوگوں کی بھیڑ یہاں جمع ہونے لگی ہے اور اس وقت نتیش کمار کے خلاف لوگوں کا غصہ جنتر منتر میں دیکھنے کو مل رہا ہے۔ چونکہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے آج صبح ہی دہلی کے باشندوں سے اس احتجاجی مظاہرہ میں شامل ہونے کی اپیل کر دی ہے اس لیے بہار میں نتیش حکومت کے ساتھ ساتھ مرکز کی مودی حکومت کے خلاف بھی لوگ یہاں جمع ہو رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔