شراب گھوٹالہ: دہلی، پنجاب اور حیدرآباد میں 35 مقامات پر ای ڈی کے چھاپے
ای ڈی نے دہلی میں شراب گھوٹالہ میں 35 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے دہلی، حیدرآباد سمیت پنجاب میں چھاپے مارے ہیں
نئی دہلی: دہلی کے شراب گھوٹالے میں چھاپوں کا عمل جاری ہے۔ آج انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے دہلی سمیت حیدرآباد اور پنجاب میں 35 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ اس سے پہلے ستمبر کے مہینے میں ای ڈی کے چھاپوں میں شراب گھوٹالے میں اب تک 2 لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ای ڈی کے چھاپے پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف گندی سیاست کے لیے عہدیداروں کا وقت ضائع کیا جا رہا ہے۔ کیجریوال نے ٹویٹ کیا، "500 سے زیادہ چھاپے، 3 ماہ سے سی بی آئی/ای ڈی کے 300 سے زیادہ افسران 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں - ایک منیش سسودیا کے خلاف ثبوت تلاش کرنے کے لیے۔ کچھ حاصل نہیں کر سکتے کیونکہ کچھ نہیں کیا گیا۔ اپنی گندی سیاست میں اتنے افسران کا وقت ضائع کیا جا رہا ہے۔ ایسے ملک کیسے ترقی کرے گا؟"
اس سے پہلے 28 ستمبر کو ای ڈی نے سمیر مہندرو کو گرفتار کیا تھا۔ ای ڈی کی ایف آئی آر کے مطابق، انڈو اسپریٹس کے مالک سمیر مہیندرو کی طرف سے سسودیا کے "قریبی ساتھیوں" کو کروڑوں میں کم از کم دو ادائیگیاں کی گئیں، جو کہ شراب کے تاجروں میں شامل تھے جو کہ ایکسائز پالیسی کی تشکیل اور اس کے نفاذ میں مبینہ طور پر بے قاعدگیوں میں ملوث تھے۔
نیوز پورٹل آج تک میں شائع خبر کے مطابق سی بی آئی نے ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ نائب وزیر اعلی سسودیا کے مبینہ معاون نے انٹرٹینمنٹ اینڈ ایونٹ مینجمنٹ کمپنی کے سابق سی ای او وجے نائر کی جانب سے سمیر مہندرو سے تقریباً 2-4 کروڑ روپے نقد لیے۔
واضح رہے شراب گھوٹالہ میں دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ انہیں اس معاملے میں اہم ملزم بنایا گیا ہے۔ سی بی آئی نے شراب گھوٹالہ معاملے میں ان سے کافی دیر تک پوچھ گچھ کی تھی۔ سی بی آئی کی ٹیم نے نائب وزیر اعلی کے گھر سے خفیہ دستاویزات بھی برآمد کی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔