شراب پالیسی معاملہ: عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کی رہائش گاہ پر ای ڈی کا چھاپہ
ای ڈی نے منی لانڈرنگ کیس میں ستیندر جین کو گرفتار کیا تھا، اس کے بعد منیش سسودیا کو شراب گھوٹالہ میں گرفتار کیا گیا۔ اب ای ڈی نے سنجے سنگھ کے گھر پر چھاپہ مارا ہے
نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بدھ کو عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ رپورٹ کے مطابق ای ڈی نے یہ چھاپہ دہلی کی متنازع شراب پالیسی میں گھپلے کے سلسلے میں مارا ہے۔ اس سے قبل سنجے سنگھ کے قریبی مقامات پر بھی چھاپے مارے گئے تھے۔ سنجے سنگھ کا نام شراب پالیسی معاملہ کی چارج شیٹ میں بھی درج ہے۔ دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کو بھی شراب پالیسی معاملہ معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سنجے سنگھ خواتین کو بااختیار بنانے پر ایک پروگرام میں حصہ لینے کے لیے کل رات تائیوان جانے والے تھے لیکن حکومت نے انہیں سیاسی کلیئرنس جاری نہیں کیا، اس لیے وہ پرواز نہیں کر سکے۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے اپنی چارج شیٹ میں الزام لگایا تھا کہ شراب پالیسی کے مبینہ گھوٹالہ کے ملزم تاجر دنیش اروڑہ نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کے دوران سنجے سنگھ بھی موجود تھے۔
دنیش اروڑہ کے ای ڈی کے سامنے دئے گئے بیان کے مطابق، اس کی سنجے سنگھ سے پہلی ملاقات ایک پروگرام میں ہوئی تھی۔ اس کے بعد وہ منیش سسودیا کے رابطے میں آیا۔ چارج شیٹ کے مطابق سنجے سنگھ کے کہنے پر دنیش اروڑہ نے کئی ریسٹورنٹ مالکان سے دہلی میں آئندہ انتخابات کے لیے پارٹی فنڈ جمع کرنے کے لیے بات کی۔ انہوں نے سسوڈیا کو 32 لاکھ روپے کا چیک بھی سونپا۔ ای ڈی نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ سنجے سنگھ نے دنیش اروڑہ کے ایک معاملے کو حل کیا جو محکمہ ایکسائز کے پاس زیر التوا تھا۔
اس سے پہلے بھی عام آدمی پارٹی کے کئی لیڈر تفتیشی ایجنسیوں کے ریڈار پر آ چکے ہیں۔ ای ڈی نے گزشتہ سال مئی میں منی لانڈرنگ کیس میں ستیندر جین کو گرفتار کیا تھا، جو عام آدمی پارٹی حکومت میں وزیر تھے۔ تاہم فی الحال وہ بیماری کی وجہ سے سپریم کورٹ سے عبوری ضمانت پر ہیں۔
اس کے علاوہ ای ڈی نے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کو اس سال فروری میں دہلی شراب پالیسی میں مبینہ گھوٹالہ کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد انہیں شراب پارلیسی میں منی لانڈرنگ کی جانچ کر رہی ای ڈی نے بھی گرفتار کر لیا۔ سسودیا فی الحال جیل میں قید ہیں۔ تاہم عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال اپنے لیڈروں کو سخت ایماندار قرار دیتے رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔