بی جے پی ایم ایل اے کو ہوئی عمر قید، عدالت میں خود سپردگی
بی جے پی ایم ایل اے اشوک سنگھ چندیل اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ ڈسٹرکٹ جج کورٹ کے سامنے حاضر ہوئے اور خود سپردگی کی۔ اس کے بعد انہیں اور دیگر لوگوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
ہمیر پور: بی جے پی ایم ایل اے اشوک سنگھ چندیل سمیت دیگر پانچ نے پیر کو 22 سالہ قدیم قتل معاملے میں مقامی عدالت کے سامنے خود سپردگی کردی۔ عدالت نے ایک ہی کنبے کے پانچ افراد کےقتل کے 22 سالہ پرانے معاملے میں انہیں عمر قید کی سزا سنائی ہے۔
ایم ایل اے اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ ڈسٹرکٹ جج کورٹ کے سامنے حاضر ہوئے اور خود سپردگی کی۔ اس کے بعد ایم ایل اے اور دیگر رگھویر سنگھ، اشوتوش سنگھ، نسیم اور بہن سنگھ کو حراست میں لے لیا گیا۔ عدالتی کارروائی کے دوران بی جے پی ایم ایل اے کے حامیوں نے ایم ایل اے کی حمایت میں نعرہ بازی کی۔
دوپہر بعد عدالت کے ذریعہ ان کو جیل بھیجنے کی امید ہے وہیں قصوار اپنے وکیلوں کے ذریعہ ضمانت کی عرضی داخل کرسکتے ہیں۔ان چھ کی خود سپردگی کےعلاوہ پولس نے اتم سنگھ، پردیپ سنگھ، اور سہاب سنگھ کو بھی گرفتار کیا ہے۔ اس معاملے میں ان تینوں کو بھی قصوار پایا گیا ہے۔
عدالت نے گذشتہ 06 مئی کو مفرور نو لوگوں کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کیا تھا۔ 19 اپریل کو الہ آباد ہائی کورٹ نے بی جے پی ایم ایل اے اور دیگر کے خلاف ضلع ہمیر پور میں 22 سال قبل ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کے اجتماعی قتل کے لئے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
26 جنوری 1997 کو پیش آئے واقعہ کے مطابق بی جے پی ایم ایل اے چندیل اور شکلا کے درمیان معمولی تنازعہ کے بعد پانچ افراد جن میں شکلا کے دو بھائی راکیش، راجیش اور ان کے بھتیجے امبھوجا، وید نائیک اور سری کانت پانڈے کی پر اسرار موت ہوگئی۔ اس کے علاوہ دیگرپانچ افراد جن میں سے دو بچے شامل تھے کو گولیاں لگی تھیں۔ جس کے بعد چندیل اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ بعد میں چندل سمیت دیگر کے خلاف جانچ کے بعد چارج شیٹ داخل کی گئی تھی۔
15 جولائی 2002 میں تما م دس ملزموں کو اڈیشنل ڈسٹرکٹ او رسیشن جج ہمیر پور سے گواہوں کی مشکوک ہونے اور ثبوتوں کی کمی کی بنیاد پر بری کردیا گیا تھا۔ اس فیصلے کو شکلا نے ہائی کورٹ کے سامنے چیلنج کیا تھا جس نے فیصلے کو بدل دیا۔
ہمیر پور کے سابق ایم پی اور چار بار کے ایم ایل اے چندیل نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز 1989 میں آزاد ایم ایل اے کے طور پر کیا تھا۔ وہ 1999میں بی ایس پی کے ٹکٹ پر رکن پارلیمان منتخب ہوئے۔ اس وقت وہ ہمیر پور (صدر) اسمبلی حلقے سے بی جے پی کے ایم ایل اے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔