قانون ساز کونسل انتخابات: سماجوادی پارٹی نے مقابلہ کو بنایا دلچسپ، احمد حسن اور راجندر چودھری امیدوار مقرر

ذرائع کا کہنا ہے کہ سماجوادی پارٹی، بہوجن سماج پارٹی کے ساتھ دوسری جماعتوں کے کچھ غیر مطمئن ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل کرکے دوسری سیٹ پر بھی فتحیاب ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔

یو پی اسمبلی / تصویر آئی اے این ایس
یو پی اسمبلی / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: اتر پردیش میں آئندہ ہونے والے قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) انتخابات کے لئے سماجوادی پارٹی نے احمد حسن اور راجندر چودھری کو امیدوار مقرر کیا ہے۔ ارکان اسمبلی کی تعداد کی بنیاد پر سماجوادی پارٹی ایک سیٹ جیت سکتی ہے لیکن پارٹی نے دوسرا امیدوار طے کر کے مقابلہ کو دلچسپ بنا دیا ہے۔

سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے بدھ کی صبح ریاستی دفتر میں ارکان اسمبلی کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے دوران امیدواروں کا اعلان کیا۔ اجلاس میں سماجوادی پارٹی کے امیدواروں کے تجویز کنندگان کون کون سے ارکان اسمبلی ہوں گے یہ بھی طے کیا گیا۔ ریاست میں قانون ساز کونسل کی 12 سیٹوں پر 28 جنوری کو انتخابات ہونے ہیں۔


ارکان اسمبلی کی تعداد کے مطابق قانون ساز کونسل میں سماجوادی پارٹی 12 سیٹوں میں سے صرف ایک امیدوار کی جیت کو ہی یقینی بنا سکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سماجوادی پارٹی، بہوجن سماج پارٹی کے ساتھ دوسری جماعتوں کے کچھ غیر مطمئن ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل کرکے دوسری سیٹ پر بھی فتحیاب ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔

یوپی اسمبلی میں بی جے پی کے پاس اپنی حلیف جماعتوں کو ملا کر کل 319 ارکان اسمبلی ہیں۔ سماجوادی پارٹی کے 48 ارکان ہیں، جبکہ بی ایس پی کے 18 ارکان میں سے پانچ نے گزشتہ نومبر میں ہوئے راجیہ سبھا انتخابات کے بعد پارٹی سے بغاوت کر دی تھی۔ بی ایس پی نے اپنے باغی لیڈران کو نوٹس جاری کیا ہے، جبکہ رام ویر اپادھیاے کو پارٹی سے معطل کر دیا گیا ہے۔ اس لحاظ سے پارٹی کے ارکان کی تعداد 10 کے قریب مانی جا رہی ہے۔ وہیں، کانگریس پارٹی کے ارکان اسمبلی میں سے دو باغی تیور اختیار کیے ہوئے ہیں، جس کے سبب پانچ ارکان اسمبلی ہی پارٹی کے ساتھ مانے جا رہے ہیں۔


بی جے پی میں بھی قانون ساز کونسل کے امیدواروں کے ناموں کے حوالہ سے غور و خوض جاری ہے۔ 12 سیٹوں کے لئے 50 سے زیادہ دعویدار ہونے کی وجہ سے پارٹی قیادت کسی نتیجہ پر نہیں پہنچ پا رہی ہے، تاہم نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر دنیش شرما اور بی جے پی کے ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ کا پھر سے قانون ساز کونسل جانا طے مانا جا رہا ہے۔ امیدوروں کا اعلان 14 جنوری کے بعد کیا جا سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔