اجمیر شریف میں متنازعہ بیان دینے والوں پر قانونی کارروائی کی جائے گی: درگاہ کمیٹی
نوٹس میں کہا گیا ہے ’’غلط تبصرہ، نعرے اور بیان درگاہ کے تقدس کو پامال کرتے ہیں۔ درگاہ میں متنازعہ بیان دینے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘‘
اجمیر: راجستھان کے اجمیر میں عالمی شہرت یافتہ صوفی بزرگ خواجہ معین الدین حسن چشتی کی درگاہ سے متعلق کچھ لوگوں کے متنازعہ بیانات سامنے آنے کے بعد درگاہ کمیٹی نے اشتہار چسپاں کرتے ہوئے متنازعہ بیانات، تصاویر ، ویڈیوز اور نعرے بازی کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے ’’غلط تبصرہ، نعرے اور بیان درگاہ کے تقدس کو پامال کرتے ہیں۔ درگاہ میں متنازعہ بیان دینے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘‘
اجمیر درگاہ کمیٹی کے ناظم کی جانب سے درگاہ کے تین نمایاں مقامات پر معلومات، اشتہار چسپاں کیے گئے ہیں، جس میں متنازع نعرے، تصاویر یا ویڈیو نہ بنانے کی اپیل کی گئی ہے۔ اشتہار میں کہا گیا ہے کہ خواجہ صاحب کے نام پر یا اسلام کے نام پر ایسا کوئی بھی اقدام نہ کیا جائے جو اشتعال انگیز ہو۔
حال ہی میں اجمیر میں چشتی فاؤنڈیشن کے چیئرمین اور گدی نشین دردگاہ اجمیر شریف حاجی سید سلمان چشتی نے اسلام اور انسانیت مخالف نعرے کی مذمت کی تھی۔ انہوں نے کہا ’’ہم ان نعروں کی مذمت کرتے ہیں جو اسلام مخالف ہیں اور انسانیت کے مخالف ہیں۔ وہ اصل مجرم ہیں جو تشدد، موت اور تباہی کے نعرے بلند کر رہے ہیں۔‘‘
چشتی نے کہا ’’قابل اعتراض نعرے لگانے والے درگاہ اجمیر شریف سے وابستہ نہیں ہیں اور ہم ان کی مذمت اور بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہیں۔ دنیا کو معلوم ہونا چاہئے کہ ایسے لوگوں کا درگاہ اجمیر شریف یا غریب نواز کے طبقہ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔‘‘
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔